دعوت سے غفلت

ترکی میں مسلمانوں کی اکثریت ہے۔ وہاں ایک قابل لحاظ تعداد عیسائیوں کی بھی ہے۔ ترکی کے سلطان سلیم نے ایک بار ارادہ کیا کہ ترکی کے تمام غیر مسلم باشندوں کو اسلام قبول کرنے کا حکم دیدے۔ جو لوگ اسلام قبول کر لیں وہ ترکی میں رہیں اور جو لوگ سلام قبول نہ کریں ان کو ملک سے نکال دیا جائے۔

اس وقت ترکی کے ایک عالم مفتی جمال سامنے آئے۔ انہوں نے بادشاہ سے صاف لفظوں میں کہا کہ تمہارےلیے ایسا کرنا جائز نہیں (لَا يَحِلُّ لَكَ ذَٰلِكَ)۔ امیر شکیب ارسلان لکھتے ہیں کہ اگر سلطان سلیم کا یہ ارادہ پورا ہو جاتا تو آج ترکی میں عیسائیوں کا وجود نہ ہوتا۔ مگر مفتی جمال نے اس قوت کے ساتھ اس مسئلہ کو پیش کیا اور اس کے حق میں ایسی دلیلیں دیں کہ سلطان سلیم کا عزم اس کے بعد ٹھنڈا ہو کر رہ گیا (تعلیقات برمقدمہ ابن خلدون، صفحہ 177) ۔

اس طرح کی جرأت کی مثالیں ہماری جدید تاریخ میں بہت ملتی ہیں۔ مگر ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ اسی طرح کی قوت اور اہمیت کے ساتھ کسی عالم نے دعوت الی اللہ کے فریضہ کی طرف عوام یا ارباب کار کو توجہ دلائی ہو۔ اس فرق کی وجہ کیا ہے۔

 اس کی وجہ ہمارے علما کے ذہن پر فقہی نقطۂ نظر کا غلبہ ہے۔ ہمارا تعلیمی نظام علما کے اندر جومزاج بناتا ہے، اس میں فقہی امور تو پوری شدت کے ساتھ ان کے ذہن پر چھا جاتے ہیں۔ مگر دعوتی امور ان کے ذہن کے خانہ میں جگہ نہیں پاتے۔

ہمارے موجودہ نظام تعلیم کی بنیاد فقہ پر ہے، نہ کہ دعوت پر۔ اس کا نصاب اوراس کانظام تمام تر فقہی ضروریات و مسائل کے اعتبار سے بنا ہے۔ دعوتی مسائل و ضروریات کی اس میں کوئی جگہ ہی نہیں۔ ایسی حالت میں یہی ممکن ہے کہ فقہی امور کے بارے میں لوگ بے حد حساس ہوں مگر دعوتی امور کے بارے میں ان کے اندر حساسیت نہ پائی جائے۔

مفتی جمال نے سلطان ترکی سے جو بات کہی وہ بجائے خود بالکل صحیح تھی۔ لیکن اگر ان کے اندر دعوتی ذہن ہوتا تو سلطان سے وہ یہ کہتے کہ دوسری قوموں کو اسلام کے سایۂ رحمت میں لانا عین مطلوب ہے، اور اس اعتبارسے تمھارا جذبہ قابل قدر ہے۔مگر یہ کام تم کو تبلیغ و دعوت کے ذریعہ کرنا چاہیے ، نہ کہ جبرو قوت کے ذریعہ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion