معاشی فراغت

محمد بن جریرالطبری(224-310ھ) ایک انتہائی مشہور عالم ہیں۔ وہ طبرستان میں پیدا ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے علم کی تحصیل کے لیے ، کوفہ، بصرہ، شام، مصر، بغداد وغیرہ کے سفر کیے۔ اپنی پوری عمر تحقیق اور تصنیف میں گزار دی۔ ان کے بارے میں ایک مورخ لکھتا ہے:

قِيلَ إِنَّهُ كَانَ يَكْتُبُ كُلَّ يَوْمٍ 40صَفْحَةً، وَيَتَحَيَّرُونَ مَتَى يَنَامُ وَمَتَى يَأْكُلُ وَيُصَلِّي، وَذَٰلِكَ لِكَثْرَةِ مَا صَنَّفَهُ: فِي التَّارِيخِ، وَالْفِقْهِ، وَالْحَدِيثِ، وَالتَّفْسِيرِ، وَالْقِرَاءَاتِ، وَعِلْمِ الْحِسَابِ۔ یعنی، کہا جاتا ہے کہ وہ روزانہ چالیس صفحات لکھتے تھے اور لوگ حیرت کرتے تھے کہ وہ کب سوتے ہیں اور کب کھاتے ہیں اور کب نماز پڑھتے ہیں۔ یہ اس لیے کہ انہوں نے تاریخ، فقہ، حدیث، تفسیر، قرأت اور علم حساب میں کثرت سے کتابیں لکھیں۔

ابن جریرطبری کی تفسیر کی کتاب30 جلدوں میں ہے اور قرآن کے مطالعہ کے لیے بے حد اہم سمجھی جاتی ہے۔ ان کی کتاب تاریخ الرسل والملوک اپنے موضوع پر منفرد کتاب ہے۔ عربی اور اسلامی تاریخ کا مطالعہ کرنے والا اس سے بے نیاز نہیں ہو سکتا۔ ابن جریرطبری کی فارسی دانی ان کے لیے بہت معاون ثابت ہوئی اور انہوں نے فارسی مصادر سے معلومات حاصل کر کے اپنی کتاب میں شامل کیں۔

ابن جریرطبری نے اپنی زندگی کو علم کے لیے وقف کیا اور اہم ترین کتابیں تصنیف کیں۔ اس کی وجہ ان کی معاشی فراغت تھی:

كَانَ وَالِدُ ٱلطَّبَرِيِّ يَمْلِكُ مُقَاطَعَةً فِي طَبَرِسْتَانَ، فَنَشَأَ ٱبْنُ جَرِيرٍ غَيْرَ مُحْتَاجٍ لِكَسْبٍ، إِذْ كَانَ وَالِدُهُ يُنْفِقُ عَلَيْهِ، وَٱسْتَمَرَّ هَذَا ٱلْإِنْفَاقُ يُؤَدَّى إِلَيْهِ حَتَّى بَعْدَ وَفَاةِ أَبِيهِ، وَهُوَ يَنْتَقِلُ بَيْنَ ٱلْبِلَادِ۔ یعنی، ابن جریرطبری کے والد کی طبرستان میں ایک جائیداد تھی۔ اس کی وجہ سے ابن جریر نے کمانے کی محتاجی کے بغیر نشوونما پائی۔ ان کے والد ان کا خرچ دیتے رہتے تھے۔ یہ معاملہ والد کی وفات کے بعد بھی باقی تھا۔ وہ ایک ملک سے دوسرے ملک جاتے رہتے اور ان کا خرچ انہیں ملتا رہتا۔

کوئی موثر کام کرنے کے لیے معاشی فراغت ضروری ہے۔ اس کی اہمیت دینی کام کے لیے بھی ہے اور دنیوی کام کے لیے بھی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion