اسلام کا عطیہ

فرانس کے حکمراں نپولین بونا پارٹ نے سوئز میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مصر میں اپنی فوجیں داخل کر دی تھیں۔ اور مصر کو فرانس کے قبضہ میں لے لیا تھا۔1798 میں جب نپولین اسکندریہ میں داخل ہوا تو اس نے عربی زبان میں ایک منشور شائع کیا اور اس کو مصر کے تمام شہروں میں تقسیم کیا۔ اس منشور کا آغاز حسب ذیل الفاظ سے ہوتا تھا:

بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ، لَا وَلَدَ لَهُ، لَا شَرِيكَ لَهُ فِي مُلْكِهِ، مِنْ طَرَفِ الفِرَنْسَاوِيَّةِ، المَبْنِيَّةِ عَلَى أَسَاسِ الحُرِّيَّةِ وَالسَّوِيَّةِ (الاسلام والفکر المعاصر للدکتور حلمی مرزوق، بیروت، 1982، صفحہ29)۔ یعنی، شروع اللہ کے نام سے جو رحمان اور رحیم ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اس کی کوئی اولاد نہیں اور اس کے اقتدار میں اس کا کوئی شریک نہیں۔(یہ منشور) فرانس کی طرف سے ہے جس کا نظام آزادی اور مساوات کی بنیاد پر قائم ہے۔

نپولین نے بظاہر اپنے اس منشور میں (سیاسی مصلحت کے تحت) اسلامی تہذیب اور مغربی تہذیب کو ملانے کی کوشش کی ہے۔ اس نے توحید کو اسلامی عطیہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے آزادی اور مساوات کو مغربی تہذیب کی دین قرار دیا ہے۔ گویا کہ دنیا کو اگر توحید اسلام کے ذریعہ ملی تو آزادی اور مساوات اس کو فرانس کے انقلاب کے ذریعہ حاصل ہوئی۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ جس طرح توحید کی نعمت انسان کو عملاً اسلامی انقلاب کے بعد ملی، ٹھیک اسی طرح آزادی اور حریت کا تحفہ بھی اس کو اسلامی انقلاب کے نتیجہ میں ملا ہے۔

 غیر اللہ کو عظمت دینے کا نام شرک ہے اور اسی غیر خدائی عظمت کا یہ نتیجہ تھا کہ انسانی سماج آزادی اور حریت سے محروم تھا۔ شرک نے کچھ انسانوں کو پیدائشی طور پر برتر ٹھہرا کر دوسرے انسانوں کو ان کے مقابلہ میں پیدائشی طور پر کمتر ٹھہرا رکھا تھا۔ توحید نے ایک خدا کے مقابلہ میں سب کو یکساں حیثیت دیدی۔ توحیدی انقلاب کے بعد تاریخ میں ایک نیا دور شروع ہوا جس نے بالآخر تمام انسانوں کو برابر ثابت کر کے انہیں اس ارتقائی مرحلہ تک پہنچایا جس کو انسانی آزادی اور انسانی مساوات کہا جاتا ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion