مواقع کا استعمال
امریکا میں ان انتہائی بڑے بڑے تاجروں کا مطالعہ کیا گیا ہے جو ترقی کے بلندترین مقام تک پہنچے ہیں۔ ان کی غیر معمولی ترقی کا راز کیا ہے ، اس سلسلے میں مختلف باتیں کہی گئی ہیں— بڑھی ہوئی محنت ، کام کی اتنی دھن کہ بیوی بچے ، چھٹی ، تفریح ، تمام چیزیں ثانوی بن جائیں ، وغیرہ۔ تاہم ان کی بڑی بڑی ترقیوں میں جو چیز فیصلہ کن طور پر اہم ترین ہے وہ ایک تحقیق کرنے والے کے الفاظ میں یہ ہے کہ ایسے لوگ مواقع کو پہچاننے کے ماہر ہوتے ہیں۔ اپنی ترقی کے کسی بھی موقع کو فوراً استعمال کرنے سے وہ کبھی نہیں چوکتے :
They are masterful opportunists. Keenly alert to any chance for personal advancement. (Reader's Digest, May 1982)
حقیقت یہ ہے کہ بڑی ترقی مواقع کو عین وقت پر استعمال کرنے ہی کا دوسرا نام ہے۔ خواہ یہ شعوری طور پر ہو یا اتفاقی طور پر ، آدمی خواہ کسی بھی میدان میں ہو، اس کو ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیے اور جب کوئی موافق موقع سامنے آئے تو فوراً اس کو استعمال کرنا چاہئے۔ کیونکہ ایک موقع ہمیشہ صرف ایک بار آتا ہے ، وہ دوسری بار کبھی نہیں آتا۔ جس نے کسی موقع کو پہلی بار کھو دیا اس نے گویا ہمیشہ کے لیے اسے کھو دیا۔
نئے مواقع بالکل چھپے ہوئے نہیں ہوتے ، ان کا اندازہ بہت سے لوگوں کو ہو جاتا ہے۔ مگر آگے بڑھ کر ان کو استعمال کرنے والے ہمیشہ بہت کم ہوتے ہیں ، اس کی وجہ یہ ہے کہ نئے مواقع کو استعمال کرنے میں ہمیشہ کچھ خطرہ کا پہلو بھی ہوتا ہے۔ اس کا نتیجہ ایک مستقبل کی چیز ہوتا ہے اس لیے اس کے ساتھ امید اور اندیشہ دونوں ہی لگے ہوتے ہیں ، جو لوگ کاہلی کرتے ہیں یا سوچ بچار میں رہتے ہیں وہ محروم رہ جاتے ہیں۔ اس کے بر عکس ،جو لوگ مستعدی دکھاتے ہیں اور خطرہ مول لے کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ وہ کامیاب رہتے ہیں۔
امکانات کو پہچانئے ، کوئی موقع پیدا ہو تو فوراً اس کو استعمال کیجئے ، آپ یقیناً بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔