دیباچہ
الفریڈایڈلر(1937۔ 1870)موجودہ زمانہ کا مشہور نفسیاتی عالم ہے۔ اس کا مخصوص موضوع شخصی نفسیات (Individual psychology)تھا۔ اس کے بارے میں ایک مبصر نے لکھا ہے:
After spending a lifetime studying people and their hidden reserves of power, the great psychologist, Alfred Adler, declared that one of the wonder-filled characteristics of human beings is “their power to turn a minus into a plus.”
پوری عمر انسان کا اور انسان کی چھپی ہوئی محفوظ قوتوں کا مطالعہ کرنے کے بعد، عظیم نفسیات دان الفریڈ ایڈلر نے اعلان کیا کہ انسانی شخصیت کی خصوصیات میں سے ایک حیرت ناک خصوصیت اس کی یہ صلاحیت ہے کہ وہ ایک’’ نہیں ‘‘کوایک ’’ہے‘‘ میں تبدیل کر سکے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو انتہائی غیرمعمولی صلاحیت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ مذکورہ اقتباس ایک عالم نفسیات کی زبان سے اسی کا اعتراف ہے۔ اس صلاحیت کی آخری حد یہ ہے کہ انسان تاریکی میں بھی روشنی کا پہلو دیکھ لیتا ہے۔ وہ ناموافق حالات کو موافق حالات میں تبدیل کر سکتا ہے۔ جب اس کی بازی کھوئی گئی ہو اس وقت وہ دوبارہ اپنے لیے نیا میدان تلاش کر لیتا ہے جس میںجدوجہدکر کے وہ ازسرِنو اپنی منزل پر پہنچ جائے۔
زیر نظر کتاب انسانی شخصیت کے اسی پہلو کا مطالعہ ہے۔ یہ ناممکن میں ممکن کو دیکھنے کی کوشش ہے۔ یہ مایوسی کو امید میں بدلنے کا ایک پیغام ہے۔ اور یہ وہ چیز ہے جس کی آج کے انسان کو شاید ہمیشہ سے زیادہ ضرورت ہے۔
وحید الدین
دہلی، 30مئی 1986