بڑا آدمی
مسٹرڈیل کارنیگی کی ایک کتاب ہے جس کا نام ہے:
How to Stop Worrying and Start Living
یہ کتاب پہلی بار 1948 میں چھپی۔ مصنف لکھتے ہیں کہ جب میں نے پہلی بار اس کتاب کو مرتب کرنے کا ارادہ کیا تو میں نے اعلان کیا کہ جو شخص اس موضوع پر بہترین حقیقی کہانی پیش کرے گا اس کو دو سو ڈالر انعام دیے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں موصول ہونے والی دو اہم ترین کہانیوں میں سے ایک کہانی وہ تھی جس کا ایک حصہ حسب ذیل ہے:
مسٹر سی آر برٹن (C.R.Burton) نے لکھا کہ جب میں نو سال کا تھا تو میری ماں کا انتقال ہو گیا۔ 12 سال کی عمر میں میں نے اپنے باپ کو بھی کھو دیا۔ اس کے بعد میں بے سہارا ہو کر رہ گیا۔ مجھے لوگ یتیم کہنے لگے۔
اس کے بعد مسٹر اور مسز لافٹن (Loftin) نے مجھ کو ازراہ ہمدردی اپنے پاس رکھ لیا۔ انھوں نے کہا کہ تم جب تک چاہو ہمارے پاس رہ سکتے ہو۔ میں اسکول جانے لگا تو اسکول کے بچے میری اونچی ناک پر مذاق اڑاتے۔ وہ مجھے تحقیر کے طور پر یتیم بچہ (Orphan brat) کہنے لگے۔ مجھے ان کی باتوں سے بہت تکلیف ہوتی تھی۔ حتیٰ کہ میں چاہنے لگاکہ ان سے لڑوں۔ مگر جس چیز نے مجھے لڑائی سے بچایا وہ مسٹر لا فٹن کا یہ جملہ تھا :
Always remember that it takes a bigger man to walkaway from a fight than it does to stay and fight (p. 187).
ہمیشہ یاد رکھو کہ جنگ ہر آدمی کر سکتا ہے مگر بڑا آدمی وہ ہے جو جنگ سے اعراض کرے۔
گڑھے کے اندر پتھر پھینکیں تواس کے پانی میں ہیجان پید اہوجاتا ہے۔ مگر سمندر کے اندر ایک پورا پہاڑ ڈال دیجئے تب بھی وہ ویساکا ویسا ہی رہے گا۔ اسی طرح چھوٹے ظرف والا آدمی ایک سخت بات سن کر بگڑ اٹھتا ہے۔ مگر بڑے ظرف والے آدمی کے اوپر طوفان گزر جاتے ہیں اور پھر بھی اس کا سکون برہم نہیں ہوتا۔