عزت کا مقام

دوسروں کے درمیان جگہ حاصل کرنے کا راز صرف ایک ہے— آپ دوسروں کی ضرورت بن جائیں۔ اگر آپ دوسروں کو یقین دلادیں کہ آپ ان کی ضرورت ہیں تو دوسروں کےلیے ناممکن ہوجائے گا کہ وہ آپ کو نظر انداز کریں۔

ایک تعلیم یافتہ نوجوان کی شادی ہوئی۔ بیوی آئی تو وہ شکل و صورت کے اعتبار سے گھروالوں کے معیار سے کم تھی۔ چنانچہ نوجوان کی بہنوں نے اس کو ناپسند کردیا۔ ہر ایک اس کو حقیر نظروں سے دیکھنے لگا۔ سب کے نزدیک وہ ایسی بن گئی جیسے کہ وہ کوئی نامطلوب چیز ہے جو گھر کے اندر غیر ضروری طور پر داخل ہوگئی ہے۔

خاتون اگرچہ شکل و صورت کے اعتبار سے زیادہ اچھی نہ تھی، مگر وہ عقل کے اعتبار سے کافی سمجھ دار تھی۔ اس نے لوگوں کے سلوک کو برا نہیں مانا۔ وہ جانتی تھی کہ شکل صورت وقتی چیز ہے اور زیادہ پائیدار چیز انسان کا عمل ہے۔ اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اگرچہ صورت کے اعتبار سے گھر والوں کےلیے محبوب نہ بن سکی۔ مگر وہ عمل کے اعتبار سے گھروالوں کےلیےمحبوب بنے گی۔

اس نے خاموشی سے گھر کا سارا کام سنبھال لیا۔ گھر کی دیکھ بھال، مہمانوں کی خدمت، باورچی خانہ کا انتظام ، ہر ایک کی ضرورت فرمائش کے بغیر پوری کرنا، یہ اس کا روزانہ کا معمول بن گیا۔ اس نے گھر کے ہر کام کو اپنی ڈیوٹی سمجھ لیا۔ خواہ اس کےلیے اس سے کہا گیا ہو یا نہ کہا گیا ہو۔

خاتون نے زبان سے کچھ نہیں کہا اور نہ کسی کی بات کا جواب دیا۔ اس نے ساری توجہ صرف اپنے عمل پر لگادی۔ نتیجہ یہ ہو اکہ بہت جلد گھر کی فضا بدلنے لگی۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ جس گھر میں وہ ایک نامطلوب شخصیت بنی ہوئی تھی وہاں وہ لوگوں کے درمیان سب سے زیادہ مطلوب شخصیت بن گئی۔

یہی زندگی کا راز ہے۔ گھر کا معاملہ ہویا بستی کا معاملہ یا پورے ملک کا معاملہ ، ہر جگہ عزت کا مقام حاصل کرنے کا واحد بے خطا راز یہ ہے کہ آپ یہ ثابت کردیں کہ آپ لوگوں کی ضرورت ہیں۔ اورلوگ یقینی طور پر آپ کو نہ صرف عزت کا مقام دیں گے بلکہ وہ آپ کے پرستار بن جائیں گے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom