کام کا شوق
ایک تعلیم یافتہ شخص ایک مصروف ادارہ میں ہمہ وقتی ملازم تھے۔ اسی کے ساتھ وہ ایک انگریزی اخبار میں سب ایڈیٹر تھے۔ وہ مذکورہ ملازمت کی ذمہ داریاں پوری طرح نبھاتے تھے اور اسی کے ساتھ اخبار کے ادارتی ذمہ داریاں بھی۔ کسی شخص نے ان سے پوچھا آپ اتنا زیادہ کام کرتے ہیں۔ آپ کو وقت کیسے ملتاہے۔ انھوں نے جواب دیا۔ وقت کوئی چیز نہیں۔ یہ صرف دلچسپیوں کی کارگزاری ہے:
Time is nothing but it is a function of interests.
یہ ایک حقیقت ہے کہ کسی کام کی تکمیل کےلیے اصل اہمیت وقت کی نہیں ، اصل اہمیت دلچسپی کی ہے ، یہ آدمی کی دلچسپی ہے جو اس سے کسی کام کو پورا کرادیتیہے۔ واقعی لگن اور شوق ہو تو کم وقت میں آدمی بہت سا کام کرلے گا۔ اور اگر شوق اور لگن نہ ہو تو زیادہ وقت بھی اس کےلیے تھوڑا بن جائے گا۔
ایک شخص کے پاس ملک کے باہر سے ایک پیش کش آئی۔ وقت صرف تین ہفتہ کا تھا، جبکہ اس کے پاس ابھی تک پاسپورٹ بھی نہیں تھا۔ موجودہ زمانہ میں بیرونی سفر کےلیے بہت سے قانونی تقاضے پورے کرنے ہوتے ہیں۔ بظاہر وقت پر سفر کرنا انتہائی دشوار تھا۔ مگر اس نے رات دن ایک کرکے سارا کام پورا کرلیا اور ٹھیک تاریخ پر وہ ہوائی جہاز پر بیٹھ کر مطلوبہ ملک کو پرواز کررہا تھا۔
دوسری طرف اسی قسم کا موقع ایک اور شخص کےلیے پیدا ہوا۔ وہ شہر سے دور دیہات میں تھا، اس نے اپنے ایک رشتہ دار کو جو شہر میں رہتے تھے ، خط لکھا کہ میرے لیے شہر میں آنا مشکل ہے۔ آپ میرا یہ کام کرا دیجئے اور اس سلسلہ میں جو پیسہ خرچ ہوگا۔ وہ سب میرے ذمہ ہوگا۔ رشتہ دار نے جواب دیا کہ اچھا میں کوشش کروں گا۔ مذکورہ شخص ان کے اطمینان پر رہ گیا۔ اس کے پاس پورے دو مہینے کا وقت تھا مگر اس کا کوئی کام نہیں ہوااور وہ باہر نہ جاسکا۔ آخر میں مذکورہ رشتہ دار کا پیغام ملاکہ فلاں وجہ پیش آگئی اس وجہ سے میں تمہارا کام نہکرسکا۔ یہ زبانی پیغام تاخیر سے اس وقت پہنچا جب کہ وقت گزر چکا تھا۔
پہلے شخص نے اپنا کام سمجھ کر دلچسپی لی تو اس نے کم وقت کے باوجود کام کو پورا کرلیا۔ دوسرے شخص نے اپنے کام کی طرح دل چسپی نہیں لی اس لیے معمولی باتیں اس کےلیے عذر بن گئیں اور زیادہ وقت کے باوجود وہ کام کو انجام نہ دے سکا۔
آدمی کو جب کام کا شوق ہو تو اس کی عقل کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ مقصد کو حاصل کرنے کی تڑپ اس کے قوتِ عمل کو بڑھا دیتی ہے۔ وہ اس کی خاطر ہر قربانی کےلیے تیار ہوجاتا ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ دنوں میں وہ کام کرلیتا ہے جس کو دوسرا شخص ہفتوں اور مہینوں میں بھی نہ کرسکے۔