دو سو سال

1782 میں ایک انگریز اڈنبرا سے گلیسگو آیا۔ اس کے پاس دو سو پونڈ تھے اور ایک لکڑی کا پریس۔ اس نے اس کے ذریعہ ایک اخبارجاری کیا۔ ابتداء ً اس کا نام تھا گلیسگو ایڈورٹائزر (Glasgow Advertiser) ۔یہی وہ اخبار ہے جو اب) (Glasgow Heraldکے نام سے مشہور ہے۔ اور اس کی موجودہ اشاعت روزانہ چار لاکھ ہے۔ اس کے اجراء پر اب دو صدیاں گزر چکی ہیں۔

اس کا بانی جان ميننز ( John Mennons) ہر قسم کے نا موافق حالات سے دو چار تھا۔ البتہ ایک مبصر کے الفاظ میں ایک چیز اس کے پاس افراط کے ساتھ موجود تھی۔ وہ تھا اس کا اتھاہ جوش (Limitless enthusiasm)۔ اتھا ہ جوش اس کے لیے ہر کمی کا بدل بن گیا۔ اس نے ایک ایسے اخبار کی بنیاد رکھی جو دو سو سال سے مسلسل جاری ہے۔ درمیان میں شرکاء کے درمیان زبردست اختلافات بھی پیدا ہوئے مگر وہ حکمت اور صبر کے ساتھ طے کر لیے گئے۔

جو اخبار دو سو سال پہلے لکڑی کے پریس میں ہاتھ کے عمل سے چھاپا گیا تھا وہ آج تمام کا تمام آٹو میٹک مشینوں کے ذریعہ تیار کیا جاتا ہے۔ اس میں حروف کمپوز نہیں کیے جاتے اور نہ ڈھالے جاتے۔ بلکہ وہ لیزر شعاعوں کے ذریعہ پلیٹ پر منعکس ہوتے ہیں۔ کاغذ اپنے آپ چھپ کر نکلتا ہے۔ وہ اپنے آپ مڑتا ہے۔ اس کے بعد اس کے بنڈل بنتے ہیں۔ اور بنڈ ل کے اوپر پولی تھین لپیٹا جاتا ہے۔ ا و ر پھر ڈسپیچ ڈیپارٹمنٹ میں پہنچا دیا جاتا ہے۔ یہ سب کمپیوٹر کے ذریعہ انجام پاتا ہے۔ (ٹائمس آف انڈیا 22 جنوری 1984)

مذکورہ انگریزی اخبارچوں کہ برابر دو سو سال سے جاری ہے۔ اس لیے یہ ممکن ہوا کہ اس دوران میں ہونے والی تمام طباعتی اور اشاعتی ترقیاں اس کی تاریخ کا جزء بن جائیں۔ وہ اس کی ترقی کے لیے زینہ بنتی چلی جائیں۔ اگر بالفرض وہ ابتدائی 25 سال یا 50 سال میں بند ہو گیا ہوتا تو دنیا میں ہر قسم کی ترقیاں ہوتیں مگر مذکورہ اخبار ان ترقیوں میں حصہ دار بننے کے لیے موجود نہ ہوتا۔

موجودہ دنیا میں کوئی کام ’’ دو دن ‘‘میں انجام نہیں پاتا۔ اس کو کرنے کے لیے ’’ دوسو سال ‘‘ درکار ہوتے ہیں۔ مگر دو سو سالہ منصوبہ کی تکمیل کے لیے دو چیزوں کی ضرورت ہے۔ جوش عمل اور استقلال۔ ان دو چیزوں کے بغیر یہاں کوئی بڑی ترقی ممکن نہیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom