میدان بدر کا انتخاب

پیغمبر اسلام ﷺ کے زمانے میں2ھ میں غزوۂ بدر پیش آیا۔ اس وقت آپ مدینہ میں تھے۔ آپ کو خبر ملی کہ قریش کا ایک لشکر مدینہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آپ نے اس کے مقابلے کے لیے ایک فوج تیار کی اور اس کو لے کر اس رخ پر روانہ ہوئے جدھر سے قریش کا لشکر آرہا تھا۔ بدر سے پہلے ایک مقام پر آپ نے اپنے اصحاب کے ساتھ پڑاؤ ڈالا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ اگر دشمن آگے بڑھتا ہے تو اس مقام پر اس سے مقابلہ کیا جائے گا۔ اس وقت ایک صحابی خباب بن منذر اٹھے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس جا کر کہا کہ اے اللہ کے رسول، یہ جگہ جہاں آپ ٹھہرے ہیں یہ اللہ کے حکم سے ہے یا یہ ایک رائے ہے اور جنگی تدبیر ہے۔ آپ نے فرمایا کہ نہیں ، یہ ایک رائے ہے اور جنگی تدبیر ہے۔ یہ سن کر صحابی نے کہاکہ پھر یہ تو کوئی پڑاؤ ڈالنے کی جگہ نہیں:فَإِنَّ هٰذَا لَيْسَ بِمَنْزِلٍ (سیرت ابن ہشام، جلد2، صفحہ 259)۔

یہ واضح طور پر ایک اعتراض کا معاملہ تھا۔ مگر آپ نے اس اعتراض کو برا نہیں مانا بلکہ صحابی سے صرف یہ کہا کہ تمہاری یہ مخالف رائے کیوں ہے۔اس کے بعد انہوں نے اپنی رائے کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اور دشمن کے درمیان کئی پانی کے کنویں ہیں۔ اگر ہم یہاں ٹھریں اور دشمن کو آگے بڑھنے کا موقع دیں تو سارے کنویں دشمن کے قبضہ میں آ جائیں گے۔ اس لیے ہمیں یہ کرنا چاہیے کہ ہم یہاں سے چل کر آگے کے مقام پر ٹھریں اور ان سارے کنوؤں پر اپنا قبضہ کر لیں۔ اس کے بعد یہ ہو گا کہ ہم پانی پئیں گے اور وہ لوگ پانی نہ پی سکیں گے (فَنَشْرَبُ وَلَا يَشْرَبُونَ)۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سن کر کہا کہ تم نے بہت اچھی رائے دی:لَقَدْ أَشَرْتَ بِالرَّأْيِ (سیرت ابن ہشام، جلد2، صفحہ 259)۔

یہ پوری گفتگو انتہائی معتدل ماحول میں ہوئی۔ آخر کار رسول اللہ ﷺ نے رائے دینے والے کی رائے کو پسندیدگی کے ساتھ قبول فرمایا اور اس کے مطابق عمل کیا۔ اس کے بعد جو نتیجہ ہوا وہ یہ تھا کہ اہل اسلام کو اس مقابلے میں فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی۔

اس مثال سے اندازہ ہوتا ہے کہ کسی معاملے میں صحیح رائے تک پہنچنے کے لیے  آزادانہ اظہار خیال کا ماحول کتنا زیادہ ضروری ہے، اختلافی رایوں سے کس طرح معاملے   کے نئے گوشے سامنے آتے ہیں جو صحیح رائے تک پہنچنے کے لیے بے حد مددگار ہیں۔ اس معاملے کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ اختلاف رائے اگر بالفرض جارحانہ انداز میں ہو تب بھی اس کو خوش دلی کے ساتھ گوارا کرنا چاہیے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion