خدائی انتباہ،نہ کہ انسانی ظلم

پیغمبراسلامﷺنےاپنی امت کوبعدکےجن حالات سےپیشگی طورپرآگاہ کیا ہے ان میں سےایک یہ ہےکہ بعدکے زمانے میں مسلم امت دوسری قوموں کی زدمیں آجائے گی۔ چنانچہ فرمایا:يُوشِكُ الْأُمَمُ أَنْ تَدَاعَى عَلَيْكُمْ كَمَا تَدَاعَى ‌الْأَكَلَةُ إِلَى قَصْعَتِهَا (سنن ابو داؤد، حدیث نمبر4297)۔یعنی، قریب ہےکہ قومیں تمہارےخلاف ایک دوسرے کو پکاریں جس طرح کھانا کھانے والے ایک دوسرے کو دسترخوان پر پکارتے ہیں۔

قرائن بتاتےہیں کہ واقعہ اٹھارہویں صدی عیسوی کےآخرمیں پیش آیا۔ ابتداءً یورپ کی نوآبادیاتی قوموں کےذریعہ یہ واقعہ ہوا۔اس کےبعددوسری قومیں اس میں شریک ہوتی چلی گئیں۔ اس کاسلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ایساکیوں ہوا۔ قرآن کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ براہِ راست خدا کی سنت کے تحت پیش آيا۔ خدا کی سنت یہ ہے کہ قوموں کو جگانے کے لیے ان پر تنبیہات نازل کی جاتی ہیں۔ یہ گویاشاک ٹریٹمنٹ (shock treatment) ہوتا ہے تاکہ وہ چونکیں اور اپنی اصلاح کریں۔ چنانچہ فرمایا:

فَلَوْلَآ اِذْ جَاءَهُمْ بَاْسُنَا تَضَرَّعُوْا وَلٰكِنْ قَسَتْ قُلُوْبُهُمْ وَزَيَّنَ لَهُمُ الشَّيْطٰنُ مَا كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ (43:6)۔ یعنی، پس جب ہماری طرف سےان پرسختی آئی توکیوں نہ وہ گڑگڑائے۔ بلکہ ان کے دل سخت ہوگئے۔ اور شیطان ان کے عمل کو ان کی نظر میں خوش نما کر کے دکھاتا رہا۔

اس آیت میں تزئین کالفظ استعمال کیاگیاہے۔اس کامطلب ہے— ایک برے کام کوخوبصورت الفاظ میں بیان کرناتاکہ اس کی برائی چھپ جائے۔موجودہ زمانے کے مسلمانوں کے ساتھ عین یہی واقعہ پیش آیا۔ موجودہ زمانے کے مسلم رہنماؤں نے شعوری یا غیرشعوری طورپرعین وہی کام کیاجس کومذکورہ آیت میں تزئین کہاگیاہے۔

موجودہ زمانے میں مسلمانوں کےساتھ غیرقوموں کی طرف سےجومسائل پیش آئےوہ خدائی انتباہ (warning)تھے۔ مگر مسلم رہنماؤں نے ان مسائل کو ظلم اور سازش کی اصطلاحوں میں بیان کرنا شروع کردیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جو واقعہ اس لیے تھاکہ مسلمان اپنی کوتاہیوں کو محسوس کریں اوراپنی داخلی اصلاح میں سرگرم ہوجائیں۔اس کےبجائےمسلم رہنماؤں کی غلط رہنمائی کانتیجہ یہ ہواکہ مسلمانوں کی ساری سوچ غیراقوام کی طرف متوجہ ہوگئی۔جس واقعہ سےاحتساب خویش کا ذہن پیداہوناچاہیے تھا،اس سے احتسابِ غیرکاذہن جاگ اٹھا، جو بڑھتے بڑھتے تشدّدتک جا پہنچا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion