امن پسندی تحفظ کاذریعہ

قرآن میں بتایا گیا ہے کہ ایک پیغمبر سے اس کی قوم نے کہا:وَلَوْلَا رَهْطُكَ لَرَجَمْنٰكَ (11:91)۔ یہ رہط پیغمبر کے مومنین کانہ تھا، بلکہ پیغمبر کی قوم کا تھا جو ایمان نہ لانے کے باوجود قبائلی روایت کی بنا پر پیغمبر کا تحفظ کرتے تھے۔ یہی حقیقت حدیث میں ان الفاظ میں آئی ہے:فَمَا بَعَثَ اللهُ  نَبِيًّا بَعْدَهُ ، ‌إِلَّا ‌فِي ‌مَنَعَةٍ ‌مِنْ ‌قَوْمِهِ (مسنداحمد، حدیث نمبر10903)۔ یعنی، ہرپیغمبرکوخدا نےاپنی قوم کی منعت(محافظ قوت)کےساتھ بھیجا۔

 قدیم زمانے میں جب کہ جدیدطرز کا حکومتی نظام موجودنہ تھالوگ قبائل کی حمایت میں رہاکرتےتھے۔قبائلی روایات کے مطابق، ہرقبیلہ اس کاذمہ دارہوتاتھاکہ دوسروں کےمقابلے میں اپنےافرادکاتحفظ کرے۔قدیم زمانے میں یہی قبائلی روایت پیغمبروں کے لیے محافظ قوت بنی رہی۔ خود پیغمبراسلام کوبنوہاشم کےسردارابوطالب کی طرف سےمنعہ حاصل تھا۔ ابوطالب اگر چہ آخر وقت تک ایمان نہیں لائے مگر وہ قبائلی روایات کی بناپر، پیغمبراسلام کے مخالفین کے مقابلے میں آپ کے لیے منعہ (محافظ قوت) بنے رہے۔ (ملاحظہ ہوسیرت ابن ہشام،جلد 1، صفحہ281)۔

موجودہ زمانے میں قبائلی نظام ختم ہوچکاہے۔مگرجدیدتصورریاست کےتحت سیکولر نظام اہل ایمان اوراہل دعوت کویہی منعہ فراہم کررہاہے۔موجودہ زمانے کی سیکولرحکومت اپنے شہری کویہ گارنٹی دیتی ہےکہ وہ جس مذہب کوچاہےمانےاورجس مذہب کی چاہے تبلیغ کرے، اس کوکوئی روک نہیں سکتا،صرف ایک شرط کےساتھ کہ اہل مذہب یااہل دعوت کسی کے خلاف تشدّد نہ کریں۔

پیغمبروں کو قدیم زمانے میں جومنعہ ملاوہ قبائلی منعہ تھا،نہ کہ اسلامی منعہ۔اس کے باوجود پیغمبروں نےاس کوقبول کیا۔موجودہ زمانے میں مسلمانوں کوجومنعہ ملاوہ بھی سیکولر منعہ ہے، نہ کہ اسلامی منعہ۔پیغمبروں کی سنت کےمطابق،مسلمانوں کوچاہیے تھاکہ وہ اس منعہ کوقبول کرتےہوئےاس کےماتحت پُرامن طورپردعوت کاکام کریں۔مگر ساری دنیاکےمسلم رہنماؤں نے سیکولرزم کو لادینیت قرار دے کر اس کے خلاف لفظی اور عملی لڑائی  چھیڑ دی۔ اس طرح وہ غیر ضروری طور پر سیکولرزم کے حریف بن گئے۔ سیکولر نظام کے تحت ملا ہوا قیمتی منعہ استعمال ہونے سے رہ گیا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion