امن کس لیے
امن کی تعریف اہل علم حضرات اس طرح کرتے ہیں کہ امن عدم جنگ (absence of war) کا نام ہے۔ مگر وہ لوگ جو مختلف مقامات پر حق اور انصاف کے حصول کے نام پر جنگ چھیڑے ہوئے ہیں وہ اس تعریف کو نہیں مانتے۔ ان کا کہنا ہے کہ امن برائے امن کوئی چیز نہیں۔ ان کےنزدیک امن وہ ہے جو امن مع انصاف (peace with justice) ہو، نہ کہ امن بغیرانصاف(peace without justice)۔
یہ سوچ ایک غیرحقیقی سوچ ہے۔انصاف امن کانتیجہ نہیں ہے۔انصاف خودطالب انصاف کے عمل کا نتیجہ ہے۔ امن کے ذریعہ وہ معتدل حالات پیدا ہوتے ہیں جو مواقع کے استعمال کو ممکن بناتے ہیں۔ جنگ کی حالت مواقع (opportunities) کے استعمال میں رکاوٹ ہے۔ امن کی حالت قائم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ مواقع کی راہ سے یہ رکاوٹیں ختم ہوجائیں تا کہ ان کو استعمال کر کے اپنا مطلوب حق یا اپنا مطلوب انصاف حاصل کیا جاسکے۔
اگر آدمی کی سوچ یہ ہوکہ وہ فریق ثانی سےامن کامعاملہ کرنےپرصرف اس وقت راضی ہوگا جب کہ امن کےساتھ ساتھ اس کوانصاف مل رہاہو،توآدمی کونہ کبھی امن ملےگااورنہ کبھی انصاف۔ ایساامن اس دنیامیں کسی کےلیے ممکن ہی نہیں۔یہ سوچ ایک غیرفطری چیز ہے جو اس دنیامیں کبھی نتیجہ خیزہونےوالی نہیں۔صحیح سوچ یہ ہےکہ امن کومواقع عمل سے جوڑا جائے،نہ کہ حصول انصاف سے۔امن کوفریق ثانی سےمعاہدہ کرکےحاصل کیا جا سکتا ہے مگرانصاف یاحق کسی کوصرف اپنےعمل سےملتاہے،نہ کہ کسی اور کے دینے سے۔
