فطرت کا نظام
فطرت کے نظام سے انحراف کا نام ناکامی ہے اور فطرت کے نظام سے مطابقت کا نام کامیابی۔ یہ زندگی کی تعمیر کا بنیادی اصول ہے۔ اس اصول کو سمجھے بغیر موجودہ دنیا میں کامیاب زندگی کی تعمیر نہیں کی جا سکتی۔
انسان کو یہ جاننا چاہیے کہ جس دنیا میں وہ رہ رہا ہے اس کو بنا نے والا وہ خود نہیں ہے۔ دنیا کو خدا نے اپنے نقشہ کے مطابق بنا یا ہے۔ انسان کو ہر حال میں اسی نقشہ سے مطابقت کرنا ہے۔ اگر کوئی شخص یا گروہ خود اپنے نقشہ کے مطابق رہنا چاہے تو اس کو ایک اور دنیا کی تخلیق کرنی پڑے گی۔ کیوں کہ موجودہ دنیا میں اس کے لیے دوسرا کوئی انتخاب سرے سے ممکن ہی نہیں۔