14۔ سب سے افضل متاع
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورتوں کے معاملہ میں اللہ سے ڈرو:اتَّقُوا اللهَ فِي النِّسَاءِ) سنن ابو داؤد، حدیث نمبر 1905)۔ ایک اور روایت میں ہے کہ دنیا کی چیزوں میں سے کوئی چیز نیک بیوی سے بہتر نہیں:لَيْسَ مِنْ مَتَاعِ الدُّنْيَا شَيْءٌ أَفْضَلَ مِنْ الْمَرْأَةِ الصَّالِحَةِ (سنن ابن ماجہ،حدیث نمبر 1855)۔
مرد اپنی تخلیق کے اعتبار سے ایک ادھوری شخصیت کی حیثیت رکھتا ہے۔ عورت کے ساتھ مل کر اُس کی شخصیت مکمل ہوتی ہے۔ یہی معاملہ خود عورت کا بھی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل ۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے جو ہر عورت اور ہر مرد خود اپنے تجربہ کے ذریعہ سمجھ سکتا ہے۔
اس اعتبار سے عورت اور مرد کی باہمی رفاقت زندگی کی ایک لازمی ضرورت ہے۔ مگر اس رفاقت کو نبھانے کے لیے کوئی مجبورانہبندھنموجود نہیں۔ یہی وہ پہلو ہے جو دونوں کے درمیان با ہمی رفاقت کو نبھانے کے لیے خدا کے خوف کو ضروری بنا دیتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ اس رفاقت کی کامیابی کے لیے ضرورت ہے کہ دونوں کے اندر اُس کی اُصولی اہمیت کا شعور زندہ ہو۔ خدا کا خوف اسی شعور کو بیدار کرتا ہے۔ اور پھر یہ شعور اس بات کی ضمانت بن جاتا ہے کہ غیر موافقاسباب کے باوجود دونوں کے درمیان رفاقت کا تعلق کبھی ٹوٹنے نہپائے۔