7۔ عورت سر ما یۂ حیات
عبد اللہ بن عمرو کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دنیا کی ہر چیز سامان ہے۔اور دنیا کا سب سے اچھا سامان نیک عورت ہے:عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ عَمْرِو،أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:إِنَّ الدُّنْيَا كُلَّهَا مَتَاعٌ،وَخَيْرُمَتَاعِ الدُّنْيَا الْمَرْأَةُ الصَّالِحَةُ(صحیح مسلم، حدیث نمبر 1467؛سنن النسائی، حدیث نمبر 3232)۔
عورت اور مرد دونوں ایک دوسرے کے لیے زندہمتاعیازندہسرمایہحیات کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دنیا میں زندگی گذار نے کے لیے عورت اور مرد دونوں کو بہت سی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ شوہر اور بیوی کی صورت میں دونوں کو جو سرمایہ ملتا ہے وہ دوسری تمام چیزوں سے زیادہ قیمتی ہے۔
یہ حقیقت اگر دونوں کے دل میں بیٹھ جائے تو عورت اور مرد دونوں ایک دوسرے سے بے حد محبت کرنے والے بن جائیں گے۔ دونوں یہ محسوس کرنے لگیں گے کہ وہ ایک دوسرے کو نظر انداز کر نے کا تحمل نہیں کر سکتے۔ دونوں کا یہ خیال ہو جائے گا کہ انہوں نے اگر ایک دوسرے کی قدر نہ کی تو خود ان کی اپنی زندگی ہی بے معنیٰ ہو کر رہ جائے گی۔ دونوں ایک دوسرے کو اس طرح اپنی ضرورت سمجھیں گے جس کی تلافی کسی اور صورت میں ممکن نہیں۔