8۔ مرد اور عورت کے وراثتی حقوق
قرآن میں ارشاد ہوا ہے:ماں باپ اور قرابت داروں کے ترکہ میں سے مردوں کا بھی حصہ ہے اور ماں باپ اور قرابت داروں کے ترکہ میں سے عورتوں کا بھی حصہ ہے،تھوڑا ہو یا زیادہ، ایک مقرر کیا ہوا حصہ(4:7)۔
قرآن کے اس بیان کا خلاصہ یہ ہے کہ ماں باپ اور دیگر قرابت والوں کے مال متروکہ میں سے مردوں یعنی بیٹوں کو خواہ وہ بچے ہوں یا جوان، اُن کا حصہ ملے گا اور عورتوں یعنی بیٹیوں کو بھی بالغ ہوں یا نابالغ، ماں باپ وغیرہ اقارب کے ترکہ میں سے اُن کا حصہ دیا جائے گا اور یہ حصے مقررکیے ہوئے ہیں جن کا دینا ضروری ہے خواہ مال تھوڑا ہو یا زیادہ۔
قدیم زمانہ میں وراثت کے معاملہ میں بہت زیادہ نا انصافی ہو تی تھی۔ یا تو وارثوں کا کوئی حصہ مقرر نہ تھا یا اس طرح مقرر کیا گیا تھا جس میں وارثوں کا حق پوری طرح ادا نہیں ہوتا تھا۔ قرآن میں وارثوں کے حصہ کو باقاعدہ طور پر منصفانہ انداز میں مقرر کیا گیا۔