16۔ مومن اور مو منات
قرآن میں مرد اور عورت دونوں کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد ہوا ہے:اور مومن مرد اور مومن عورتیں ایک دوسرے کے مددگار ہیں۔ وہ بھلائی کا حکم دیتے ہیں اوربرائی سے روکتے ہیں اور نماز قائم کرتے ہیں اور زکوٰۃ ادا کرتے ہیں اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرتے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جن پر اللہ رحم کرے گا۔ بے شک اللہ زبردست ہے،حکمتو الا ہے۔ مومن مردوں اور مومن عورتوں سے اللہ کا وعدہ ہے باغوں کا کہ ان کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، ان میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔ اور وعدہ ہے،ستھر ے مکانوں کا،ہمیشگیکے باغوں میں، اور اللہ کی رضا مندی جو سب سے بڑھ کر ہے۔ یہی بڑی کا میا بی ہے(9:71-72)۔
قرآن کے اس بیان میں مومن مرد اور مومن عورت دونوں کا ذکر یکساں حیثیت سے کیا گیا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انفرادی حیثیت میں بھی دونوں سے اسلام کا تقاضاکیا ہے۔ اسی طرح اجتماعی حیثیت سے بھی دونوں سے یکساں عمل مطلوب ہے۔ اس اجتماعی پہلو کا اشارہ قرآن کے ان الفاظ میں ملتا ہے کہ:بَعْضُهُمْ أَوْلِيَاءُ بَعْضٍ (9:71)۔
اسی طرح قرآن کے اس بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ عورت اور مرد دونوں کا معاملہ آخرت کے اعتبار سے بھی یکساں ہے۔ جو عمل ایک مرد کو جنت میں داخلہ کا استحقاق دے گا، اُسی عمل سے عورت بھی جنت میں داخلہ کی مستحق قرار پائے گی۔