کامیابی کا راز
ڈاکٹر سی وی رمن(Sir Chandrasekhara Venkata Raman, 1888-1970)ہندوستان کے مشہور ترین سائنس دان ہیں۔1930 میں انہیں فزکس کا نوبل انعام ملا ہے۔سائنس کے میدان میں نوبل انعام حاصل کرنے والے وہ پہلے ایشیائی تھے۔ اس کے بعد وہ عالمی شہرت کے مالک ہو گئے۔ ان کی سائنسی دریافت رمن ایفکٹ (Raman Effect) آج سائنس کے مسلّمات میں شمار ہوتی ہے۔ رمن ایک معمولی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد دس روپیہ ماہوار پرا سکول ٹیچر تھے۔ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں اپنی غیر معمولی محنت کے ذریعہ علم کی دنیا میں اپنا موجودہ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے اپنی کامیابی کے سفر کو ان الفاظ میں بیان کیا ہے— شکست، مایوسی، محنت اور ہر قسم کے دکھ کی ایک لمبی تاریخ:
A long history of frustration, disappointment, struggle and every kind of tribulation.
ایک شخص نے رمن کی علمی کامیابی کو گھٹانے کے لیے کہا کہ آپ اپنی دریافت تک محض اتفاق کے ذریعہ پہنچے ہیں، جیسا کہ اکثر دوسرے سائنس دان بھی محض اتفاق کے ذریعہ اپنی دریافتوں تک پہنچے۔ رمن نے اس کو سن کر سنجیدگی کے ساتھ کہا:
The idea that a scientific discovery can be made by accident is ruled out by the fact that the accideent, if it is one, never occurs except to the right man.
یہ تصور کہ سائنسی دریافت اتفاق کے ذریعہ حاصل کی جا سکتی ہے، اس حقیقت کی بنا پر خارج از بحث ہے کہ اتفاق، اگر واقعۃًپیش آئے، تو وہ کبھی ایک صحیح آدمی کے سوا کسی اور کے ساتھ پیش نہیں آتا۔ ڈاکٹر رمن نے اپنی ز ندگی کی آخری دریافت کا خلاصہ ان الفاظ میں بیان کیا ہے:
The right man, right thinking, right instruments, and right results.