جوش بغیر ہوش

میکی ٹامسن (Mickey Thompson, b. 1928) امریکہ میں پیدا ہوا۔ اس نے کار کی ریس میں عالمی شہرت حاصل کی۔ حتیٰ کہ وہ شاہِ رفتار (Speed King) کہاجانے لگا۔ مگر مارچ 1988 میں اس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ بوقت وفات اس کی عمر 59 سال تھی۔ میکی ٹامسن بے حد جرأت مند آدمی تھا۔ نومبر 1987ء میں اس نے اپنے دوستوں کو لاس اینجلیز میں بتایا تھاکہ کچھ بے ہودہ لوگ اس کو ٹیلی فون پرمار ڈالنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ اس کے دوست ارنی الوراڈو (Ernie Alvarado) نے کہاکہ میکی نے مجھ کو بتایا تھاکہ وہ جانتا ہے کہ کون شخص اس کو قتل کرنا چاہتا ہے۔ دوست نے پوچھاکہ کیا تم نے اس کی اطلاع پولیس کو کی ہے۔ میکی نے جواب دیا: اس کی کوئی ضرورت نہیں۔

مگر میکی غلطی پر تھا، شروع مارچ 1988ء کی ایک صبح کو اپنی 41 سالہ بیوی ٹروڈی (Trudy) کے ساتھ وہ بریڈ بری (کیلی فورنیا) میں گھر سے اپنے آفس کے لیے جا رہا تھاکہ دو آدمی بائیسکل پر آئے اور اس پر بندوق سے حملہ کردیا۔ ٹروڈی مایوسانہ طور پر کہتی رہی— نہ مارو، نہ مارو (Don't shoot)  مگر گولیوں کی بوچھاڑ نے چندمنٹ کے اندر دونوں کا خاتمہ کردیا۔ میکی نے 1960ء میں 400 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کار چلاکر پہلے امریکی کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔ یہ سفر اس نے ایک خاص موٹر کار کے ذریعہ طے کیا تھا جس میں چارانجن لگے ہوئے تھے۔ ہفتہ وار ٹائم (28 مارچ 1988ء) نے اس حادثہ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھاہے کہ خطرہ کی پروا نہ کرنا جس نے میکی ٹامسن کو تیز رفتاری کا بادشاہ بنایا خود وہی اس کے لیے موت کا ذریعہ بن گیا:

The disregard for danger that marked Thompson's driving. career may have led to his death in his own front yard. (p. 12)                  

بہادری اور بے خوفی بہت اچھی چیزہے۔ مگر انسان بہرحال کمزور ہے، وہ مطلق بہادری یا لامحدود بے خوفی کا تحمل نہیں کرسکتا۔ اس لیے بہادری اور بے خوفی کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ آدمی محتاط ہو۔ وہ حکمت اور مصلحت کا لحاظ کرنا بھی جانے۔ غیر حکیمانہ چھلانگ بھی اتنا ہی غلط ہے، جتناکہ بزدلانہ پسپائی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom