خواتین ِ اسلام
اسلام کی تاریخ خواتین کے اعلیٰ واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ یہ واقعات بتاتے ہیںکہ خواتین کو اسلامی معاشرہ میں کتنا اونچامقام حاصل ہے۔اور انھوں نے اسلام کے دائرہ میں رہ کرکتنے بڑے بڑے کارنامے انجام دیے ہیں۔
رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ عائشہ بنت ابی بکر نہایت ذہین خاتون تھیں۔ ان کی ذہانت اسلام میں آکر نہ ضائع ہوئی اور نہ غیر استعمال شدہ رہ گئی۔ بلکہ اس نے اپنے استعمال کا نہایت اعلیٰ اور وسیع میدان پالیا۔ وہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلہ میں کافی کم عمر تھیںاس بنا پر آپ کی وفات کے بعد تقریباًنصف صدی تک دنیا میں رہیں اور اس پوری مدت میں امت کے لیے دین کو جاننے کا مستند ذریعہ بنی رہیں۔
حضرت عائشہ کی روایتوں کی تعداد 2210تک شمار کی گئی ہے۔ وہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی گفتگوؤں اور تقریروں کو نہایت صحت کے ساتھ اپنے ذہن میں محفوظ کرلیتی تھیں اور ان سے مسائل اخذ کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ شرعی احکام کا تقریباًچوتھائی حصّہ حضرت عائشہ سے منقول ہے۔ آپ کا علم اور تفقہ اس قدر مسلّم تھاکہ صحابہ کے درمیان جب کسی معاملہ میں سوال پیدا ہوتا تووہ حضرت عائشہ سے دریافت کرتے۔ حضرت ابوموسیٰ اشعری کہتے ہیں کہ ہم لوگوں کو جب بھی کسی حدیث میں اشکال پیش آتا تو ہم عائشہ سے رجوع کرتے، ان کے یہاں ضرور اس کے متعلق ہم کو کوئی علم مل جاتا:عَنْ أَبِي مُوسَى قَالَ:مَا أَشْكَلَ عَلَيْنَا أَصْحَابَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَدِيثٌ قَطُّ، فَسَأَلْنَا عَائِشَةَ إِلَّا وَجَدْنَا عِنْدَهَا مِنْهُ عِلْمًا ( سنن الترمذی،حديث نمبر2883)۔
اس قسم کی باتوں کی اصل اہمیت یہ نہیں ہے کہ وہ اسلامی تاریخ کی ایک معزز خاتون کی فضیلت کو بتاتی ہیں۔ ان کی اصل اہمیت یہ ہے کہ ان سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام میں عورتوں کو کتنا بلند درجہ دیاگیاہے۔ اور ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے اسلام میں کتنا وسیع میدان کھلا ہواہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس طرح کے واقعات اسلام کے امتیاز کو بتارہے ہیں ، نہ کہ محض کسی ایک شخص کے ذاتی امتیاز کو۔
اسلام نے حضرت عائشہ کی صلاحیتوں کو اس حد تک ترقی دی کہ انھوں نے اہم سیاسی اور سماجی خدمات انجام دیں۔ انسائیکلوپیڈ یا برٹا نیکا (1984) میں ان کی خدمات کا اعتراف ان الفاظ میں کیا گیاہے:
‘Aishah, the third wife of the Prophet Muhammad, who played a role of some political importance after the Prophet’s death.’
(Encyclopedia Britannica, 1/167)
عائشہ جو پیغمبر (محمد صلی اللہ علیہ وسلم )کی تیسری اہلیہ تھیں۔ انھوں نے پیغمبر کی وفات کے بعد کچھ ایسے رول ادا کیے جو سیاسی اہمیت رکھنے والے تھے۔ یہاں خواتین اسلام کے سلسلہ میں چند واقعات نقل کیے جاتے ہیں۔
