تجرباتی تصدیق

جدید تر قی یافتہ ملکوں کے معاشرتی مسائل میں  جو مسئلہ سر فہر ست ہے وہ طلاق کا مسئلہ ہے۔ ان ملکوں میں  اکثر شادیاں طلاق پر ختم ہوجاتی ہیں۔ طلاقوں کی اس کثرت نے خاندانی زندگی کے نظام کو بالکل درہم برہم کردیا ہے۔ بچے اپنے والدین کی موجودگی میں  بڑوں کی سرپرستی سے محروم ہو جاتے ہیں۔

وہ خود روپودے کی طرح پرورش پاتے ہیں اور بالآخر مجرمین میں  اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ یہ بات عام طور پرتسلیم کی گئي ہے کہ جدید نوجوان طبقہ میں  انار کی کارحجان زیادہ تر انھیں اجڑے ہوئے گھروں (broken homes) کی پیداوار ہے۔

قدیم زمانے میں  طلاق کی کثرت کا یہ مسئلہ نہ تھا۔ پھر موجودہ زمانےہی میں  یہ مسئلہ اتنے بڑے پیمانے پر کیوں پیداہوا ہے۔ اس کا واحد سب سے بڑا سبب وہ چیز ہے جس کو آج کل کی زبان میں  مخلوط سماج (mixed society) اور مذہبی زبان میں  بے پردہ معاشرت کہا جاتا ہے۔ اس بے قید طرزِ معاشرت نے اس بات کو ممکن بنادیا ہے کہ عورت اور مرد کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا حد بندی کے بغیر سمند ر کی مچھلیوں کی طرح ایک دوسرے کے درمیان رہیں۔ اس طرز معاشرت میں  جنسی وفاداریوں کا بار بار تبدیل ہونا لازمی ہے۔ باپردہ معاشرت میں  عمومی طورپر آدمی صرف اپنی بیوی کو دیکھتا ہے۔ اس لیے وہ انتشارِ وفاداری کے فتنہ سے بچارہتا ہے۔ اس کے برعکس، بے پردہ معاشرت میں  باربار دوسرے چہرے اس کے سامنے آتے ہیں۔ اب اس کو نظر آتا ہے کہ نیا چہر ہ قدیم چہرے سے زیادہ اچھا ہے۔ یہ تقابلی مشاہدہ اس کو فتنہ میں  مبتلا کر دیتاہے اور وہ پرانے جوڑے سے اکتاکرنئے جوڑے کی طرف دوڑ پڑتا ہے۔چنانچه مغربی کہانیوں میں  اکثریہ بتایا جاتا ہے کہ مرد اور عورت شادی کر کے کچھ دن ایک ساتھ رہے۔اس کے بعد ان کے سامنے کوئی اور چہرہ آیا اور وہ اس کو پسند آگیا۔ انھوں نے سابقہ تعلق کو ختم کر کے نیا تعلق قائم کرلیا۔

انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا (1984) میں  مغربی ملکوں میں  طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر کلام کرتے ہوئے اس حقیقت کا اعتراف کیا گیا ہے۔ چنانچہ مقالہ نگار نے لکھا ہے کہ فلم ایکٹرز مصنفین اور دوسرے گروہ کے لوگ جو کہ جنسِ مخالف سے زیادہ روابط رکھتے ہیں، ان میں  طلاق کا زیادہ رجحان پایا جاتا ہے:

Actors, authors and other groups that have many contacts with the opposite sex tend to have a high divorce frequency (7/163)

اس مغربی رپورٹ میں طلاقوں کی کثرت کو روابط (Contacts) کی کثرت کے ساتھ وابستہ کیاگیاہے۔ یہ بہت اہم ہے۔ اس سے ثابت ہوتاہے کہ مخلوط معاشرت یا بے پردہ معاشرت کا بہت گہر ارشتہ ازدواجی زندگی کی عدم استواری سے ہے۔ باپردہ معاشرت کا ماحول ازدواجی زندگی میں  استواری پیداکرتا ہے، اس کے بر عکس بے پردہ معاشرت کا ماحول ازدواجی زندگی میں  عدم استواری کا موجب بنتا ہے اور اس طرح طلاق کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ بے پردہ معاشرت کا یہ انجام باپردہ معاشرہ کے درست ہونے کی ایک تجر باتی تصدیق ہے۔

باپر دہ معاشرت طلاق کے خلاف گویا ایک مانع عام (deterrent factor) کی حیثیت رکھتی ہے۔ بالفا ظِ دیگر ، بے پردہ معاشرت خاندانی نظام کو غیر مستحکم کر کے طرح طرح کی سماجی خرابیاں پیداکرتی ہے۔ اس کے مقابلے میں  باپر دہ معا شرت خاندانی نظام کو مستحکم بناتی ہے جو کہ نسل انسانی کے لیے مختلف قسم کے عظیم فوائدکی ضامن ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion