مصنوعی مسائل

کیلی فورنیا کے ایک کرورپتی رابرٹ گراہم (Dr. Robert Graham) نے ایک انوکھا بینک قائم کیا۔ اس کا نام انھوں نے نو بیل اسپرم بینک (Nobel Sperm Bank) رکھا۔ اس ’’بینک ‘‘ میں  نوبیل انعام یافتہ افراد کے مادۂ منویہ کو حاصل کر کے محفوظ کیا جاتاہے تاکہ اس کے ذریعہ سے عورتوںکو بارآور کیا جائے اور زیادہ اعلیٰ ذہانت (above-average intelligence)والے بچے پیدا کیے جائیں۔ بانی کا کہنا تھا کہ یہ بینک اس نے اہل شوہر وں (infertile husbands) کے لیے قائم کیا ہے۔ تاہم جدید خواتین کی اباحیت پسندی اس پابندی کو ختم کر رہی ہے۔ بہت سی خواتین نکاح کے بغیر بچہ پیدا کرنا چاہتی ہیں، نیز وہ چاہتی ہیں کہ ان کی اولاد اعلیٰ استعداد کی مالک ہو، ایسی خواتین آزادانہ طور پر اس بینک کی خدمات حاصل کررہی ہیں۔

انھیں خواتین میں  سے ایک کیلی فورنیا کي ڈاکٹر آفٹن بلیک (Afton Blake)ہے۔ اس کی عمر اس وقت 44 سال ہے۔ اس نے مذکورہ نوبیل اسپرم بینک سے رابطہ قائم کیا۔ وہ اپنے لیے جس قسم کی اولاد چاہتی تھی ، اس کے مطابق اسے مشورہ دیا گیا کہ وہ ’’نمبر 28 ‘‘  کا مادہ حاصل کرے۔ واضح ہو کہ اس بینک میں  جن لوگوں کے مادۂ منویہ جمع کیے گئے ہیں ان کو ان کے نام سے پکارا نہیں جاتا۔ بلکہ ان میں  ہر ایک کو ایک نمبر دیا گیا ہے اور اسی خاص نمبر سے اس کو یاد کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر بلیک ’’ نمبر 28‘‘ کے مادہ کے اپنے رحم میں  داخل کر کے حا ملہ ہوئی۔ مقرر وقت پراس کے یہاں ایک لڑکا پیدا ہوا۔ اس لڑکے کا نام اس نے ڈورون (Doron)رکھا۔ یہ یونانی لفظ ہے جس کے معنی تحفہ یا عطیہ کے ہوتے ہیں۔ یہ بچہ اب چار سال سے زیادہ کا ہوچکا ہے اور وہ اب اسکول جانے لگا ہے۔ اس کی تصویر ہندستان ٹائمس 7ستمبر 1986 (میگزین صفحہ 4) پر شائع ہوئی ہے۔

ڈیلی ٹیلی گراف کانمائندہ آئن بروڈی (Ian Brodie) مذکورہ خاتون سے اس کے لاس اینجلس (کیلی فورنیا ) کے مکان پر ملا۔ اس کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر بلیک کی خوشیاں دھیر ے دھیرے غم میں  تبدیل ہورہی ہیں۔ باپ کے بغیر بچہ کی ولادت اس کے لیے طرح طرح کے مسئلے پیدا کر رہی ہے۔ ان مسائل کی طویل فہرست میں  سے ایک یہ ہے کہ نومولو د اب بولنے لگا ہے۔ وہ بار بار پوچھتا ہے کہ میرے باپ کہاں ہیں۔ ڈاکٹر بلیک نے بتایا کہ ایک بارایسا ہوا جب کہ ڈورون مجھ سے غصہ ہوگیا۔ اس نے کہا کہ وہ باہر جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے باپ کے ساتھ رہے:

‘‘There was one occasion when Doron got angry with me. He said he was going off to live with his Dad.’’

خاتون کے لیے شوہر کے بغیر اولاد حاصل کرنا پہلے ایک دلچسپ تجربہ معلوم ہوتا تھا، مگر اب وہ نا زک مسا ئل کا ایک سلسلہ نظر آتا ہے۔ ان میں  سے ایک یہ ہے کہ نومولود ڈورون اپنے لیے ایک باپ سے محروم ہے:

"One thing Doron is deprived of is a Daddy."

فطرت کے نظام سے انحراف کے بعدآدمی کے لیے ایسے عجیب و غریب مسائل پیدا ہوجاتے ہیں جن کا اس نے پہلے تصور بھی نہیں کیا تھا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion