آبادی کا مسئلہ
امریکا میں ایک کتاب چھپی ہے جس کانا م ہے — پیدائش کا قحط:
Ben J. Wattenberg, The Birth Dearth (1987)
یہ کتاب آج کل مختلف حلقوں میں بحث کا زبردست موضوع بنی ہوئی ہے۔ اس میں مصنف نے اعدادوشمار کی روشنی میں دکھایا ہے کہ امریکا اور دوسرے مغربی ملکوں میں پیدائش کی شرح خطرناک حد تک کم ہوگئی ہے۔ دوسری طرف اشتراکی بلاك كي شرح پیدائش بڑھ رہی ہے۔اور تیسری دنیا کی شرح کا تویہ حال ہے کہ اگلے پچاس سال میں اس کی آبادی مغربی دنیا سے دس گنا زیادہ ہوجائے گی۔ اس کے نتیجے میں اکیسویں صدی میں پہنچ کر امریکا عالمی طاقتی حیثیت (world-power status) کھودے گا۔اسی طرح پوری مغربی دنیا عالمی سیاست میں دوسرے درجہ کی حیثیت حاصل کرے گی۔اس کا حل ایک ناقدکے الفاظ میں یہ ہے کہ مغربی عورتیں دوبارہ بچہ پیداکرنے والی قدیم عورت کا انداز اختیار کر لیں:
‘‘...to slip back into a traditional woman as exclusive child raiser.’’
(Time, 24 March, 1987, p. 48)
جدید تہذیب نے عورت کو جومقام دیا تھا وہ زندگی کی حقیقتوںسے ٹکراگیا۔ اب مفکرین مغرب کو نظر آرہا ہے کہ اگر کامیاب زندگی حاصل کرنا ہے تو عورت کے قدیم تصورکو دوبارہ اختیار کرنا ہوگا۔
