اچھی بیوی بنو
فرینک بورمین Frank Borman ایک امریکی خلابازہیں۔ انھوں نے ایک ایسی خلائی کشتی میں پرواز کیا تھا جس میں ان کے علاوہ ایک خاتون خلاباز بھی سوار کرائی گئی تھی۔مسڑبورمن نے ایک بیان میں کہا:
‘‘Having women on the spacecraft was okay except that it would be upsetting to put a male and a female too close together for a long time.’’
خلائی کشتی میں عورت کو بٹھانا اچھا ہے۔ البتہ ایک عورت اور ایک مرد کو دیر تک اتنا زیادہ قریب رکھنا ابتری کا باعث ہوگا۔مسڑ بورمن کے اس بیان نے مساوات مردوزن کے بہت سے علم برداروں کو بوکھلا دیا ہے۔ ایک امریکی خاتون نے اپنی پر جوش تقریر میں کہا:
’’مسڑفرينک بورمن کا وجود کہاں ہوتا اگر ان کے ماں اور باپ اکٹھا نہ ہوئے ہوتے۔‘‘
سائنسی تحقیقات نیز عملی زند گی کے حقائق نے مساوات مرد و زن کے قدیم تصور کو سخت جھٹکا پہنچایا ہے۔ ایک امریکی خاتون مسز مارگن (Marabel Morgan)دوبچوں کی ماں ہیں۔انھوں نے حال ہی ميں ایک کتاب شائع کی ہے جس کا نا م ہے:
مکمل عورت (Total Woman)
اس کتاب میں انھوں نے اپنی امریکی بہنوں کو’’خوش گوار ازدواجی زندگی ‘‘ کے لیے یہ سادہ گر بتایا ہے:
‘‘Be nice to your husband, stop nagging him and understand his needs.’’
اپنے شوہر کی اچھی رفیق بنو۔ اس کو ملامت کر نا چھوڑدو ، اس کی ضرورتوں کو سمجھو۔
یہ کتاب ایک سال سے بھی کم عرصہ میں تین ملین کی تعداد میں فروخت ہوچکی ہے۔ موصوفہ کے نزدیک مرد کی رفیق بننا عورت کی تکمیل ہے، نہ کہ آزادانہ زندگی کا مالک بننا۔(ٹائمس آف انڈیا،8فروری 1978)
حقیقت یہ ہے کہ مکمل عورت وہ ہے جو اپنے شوہر کی مکمل رفیق بن سکے۔
