رام پور، 5 ستمبر 1962ء

رام پور، 5 ستمبر 1962ء

برادر عزیز        السلام علیکم

آپ کا گرامی نامہ مورخہ یکم ستمبر 62ء موصول ہوا۔ یہ معلوم کر کے مجھے افسوس ہوا کہ جماعت کے نصب العین اور موقف کے بارے میں آپ کو مطمئن کرنے کے لیے جو کوششیں ہماری طرف سے کی گئیں وہ کامیاب نہیں ہو سکیں اور آپ کا فکری اختلاف اپنی جگہ قائم ہے۔ تاہم اس سے یک گو نہ اطمینان محسوس ہو رہا ہے کہ آپ ابھی اپنی ذہنی الجھن کے سلسلے میں مطالعہ اور اور مولانا جلیل احسن صاحب وغیرہ جیسے اہل علم حضرات سے تبادلہ خیال کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔ اور اس سلسلے میں ان سے خط و کتابت بھی کر رہے ہیں۔ دعا ہے کہ اس کے نتیجے میں آپ کی ذہنی خلش دور ہو جائے اور حسب سابق آپ کی صلاحیتیں تحریک کے لیے مفید ثابت ہوں۔

بحالات موجودہ آپ کی یہ خواہش ہر طرح مناسب معلوم ہوتی ہے کہ آپ سردست شعبۂ تصنیف سے اپنا تعلق منقطع کر لیں، تاکہ زیادہ یکسو ہو کرمطالعہ و تحقیق کر سکیں۔ البتہ آپ کی اس خواہش سے میں اتفاق نہیں کر سکتا کہ شعبۂ تصنیف کی ذمہ داریوں سے سبک دوشی کے بعد آپ جہاں رہیں، وہاں کے نظم جماعت سے آپ کا تعلق نہ ہو، اور اس مدت میں مطالعہ و تحقیق کے علاوہ آپ پر جماعتی حیثیت سے کوئی ذمہ داری نہ رہے، آپ اس سے بخوبی واقف ہیں کہ رکن رہتے ہوئے نظم جماعت کی پابندی بہرحال ضروری ہے۔ البتہ آپ کے مخصوص حالات کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ جوگنجائش میں نکال سکتا ہوں، وہ صرف یہ ہو سکتی ہے کہ اس مدت میں آپ پر باقاعدہ دعوتی کام کی کوئی ذمہ داری نہ ڈالی جائے گی، لیکن ہفتہ وار اجتماعات کی شرکت تو بہرحال ضروری ہے۔ کیوں کہ اگر اتنا بھی نہ ہو تو رکنیت کے کوئی معنی نہیں رہ جاتے اور اس سے ذہنوں میں طرح طرح کے سوالات بھی پیدا ہوں گے۔

نظم جماعت سے وابستگی کاایک تقاضامیرے نزدیک یہ بھی ہے کہ اس کو باقی رکھتے ہوئے آپ کو جماعت کے اندر اور جماعت سے باہر اپنے مخصوص خیالات کی تبلیغ و اشاعت سے احتراز کرناچاہیے ۔ زیادہ سے زیادہ آپ یہ کر سکتے ہیں کہ اس کے متعلق آپ جماعت کے اہل علم سے تبادلۂ خیال کریں اور اگر آپ جماعت کے باہر کے کسی عالم سے تبادلۂ خیال ضروری ہی سمجھیں تو اس کے لیے آپ کو خالص علمی انداز اختیار کرنا چاہیے، نہ کہ اس طور پر کہ آپ کو جماعت کے نقطۂ نظر سے کچھ اختلاف ہو چکا ہے۔

امید ہے آپ میری ان باتوں سے اتفاق کریں گے اور اپنے جواب سے مطلع فرمائیں گے۔

والسلام ابواللیث

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion