اعظم گڑھ  19 جنوری 1963ء

اعظم گڑھ  19 جنوری 1963ء

محترمی مولانا صدر الدین صاحب       سلام مسنون

آپ کا خط مورخہ 12 جنوری ملا۔ آپ نے لکھا ہے کہ میں آپ کا جواب اپنی تحریر کے ساتھ شائع نہ کروں، اس کے جواب میں میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ 1951ء میں مولانا ابواللیث صاحب امیر جماعت اسلامی ہند نے مولانا حسین احمد مدنی مرحوم سے خط و کتابت کی تھی، اس سلسلے میں مولانا مرحوم نے امیر جماعت کے خط کے جواب میں جماعت اسلامی کے خلاف ایک تفصیلی تحریر روانہ کی تھی۔ بعد کو یہ تحریر مولانا اعزاز علی صاحب مرحوم نے ’’مکتوب ہدایت‘‘ کے نام سے شائع کر دی۔ اس وقت مولانا ابواللیث صاحب نے رسالہ زندگی میں اس پر ’’شکوہ‘‘ کا اظہار کیا کہ یہ تحریر تنہا کیوں شائع کر دی گئی، اور اس کے ساتھ مولانا ابو اللیث صاحب کا جواب کیوں شامل نہیں کیا گیا۔ (زندگی جون ، جولائی، اگست 1951ء ، صفحہ 88)۔

مولانا حسین احمد صاحب کے اعتراضات اور اس کے بارے میں امیر جماعت اسلامی کے جوابات دونوں اگر ایک ساتھ ناظرین کے سامنے آتے تو ہر دو تحریروں کی روشنی میں پڑھنے والے کو زیادہ صحیح رائے پر پہنچنے میں آسانی ہوتی۔ چنانچہ اس کے بعد زندگی میں جب مولانا ابواللیث صاحب کا جوابی خط چھپا تو اس کے ساتھ مولانا حسین احمد مدنی مرحوم کی تنقیدی تحریر بھی شائع کی گئی۔ (زندگی کا مذکورہ بالا شمارہ)

اسی اصول کو اب میں اپنی تحریر کے سلسلے میں اختیار کرنا چاہتا ہوں تو آپ اس سے اختلاف کر رہے ہیں۔ آخر جو بات مولانا حسین احمد صاحب کے باب میں صحیح تھی، وہ میرے باب میں غلط کیوں ہو گئی۔

میری گزارش ہے کہ آپ اپنے خیال پر نظرثانی فرمائیں، رہی یہ بات کہ آپ کے جواب میں جگہ جگہ نہایت اہم استدلالات کی طرف صرف اشارہ ہے، تو اس کا حل یہ ہے کہ آپ اپنی تحریر میں اس حیثیت سے نظرثانی اور اضافہ فرما دیں۔ اس طرح وہ خلا پر ہو جائے گا، جو اس وقت آپ اپنے جواب میں محسوس کر رہے ہیں۔

                        خادم  وحید الدین

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion