لاہور، 25 اگست 1962ء
لاہور، 25 اگست 1962ء
محترمی ومکرمی السلام علیکم ورحمۃ اللہ
عنایت نامہ ملا ۔ اب یہ بحث بے کار ہے کہ آپ اپنی تحریر کے اصل محرکات جو بیان فرماتے ہیں ان میں اور خود اس تحریر کے بین السطور سے جھلکنے والے محرکات میں کیا فرق ہے ۔ ممکن ہے کہ میں ہی غلط فہمی میں پڑ گیا ہوں ، اور یہ بھی ممکن ہے کہ آپ اس مضمون میں اپنے اصل خیالات کی ترجمانی بلا ارادہ غلط طریقے سے کر گئے ہوں ۔ بہر حال اپنا جو منشا اب آپ ظاہر کر رہے ہیں ، کوئی وجہ نہیں کہ میں اسے غلط سمجھوں ۔ آپ براہ کرم اپنا مضمون پھر بھیج دیں اور اگر تکلیف فرما کراس کے درمیان ہر ورق کے ساتھ ایک ایک سادہ ورق لگوا کر بھیجیں تو زیادہ بہتر ہے ۔ میں ہر بات کا جواب اسی کے بالمقابل صفحہ پرمختصراً نوٹ کر دوں گا ۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ میرے جوابات سے آپ کو اطمینان ہو جائے ۔ آپ اس کے بعد بھی سمجھنے کا حق رکھتے ہیں کہ میں دین کو سمجھنے میں غلطی کر گیا ہوں ۔ لیکن اپنی حد تک میں آپ کو سمجھانے کی کوشش ضرورکروں گا۔
والسلام
خاکسار ۔ ابو الا علیٰ
