اس کے بعد مولانا کے معاون خصوصی جناب غلام علی صاحب کی طرف سے ایک خط مورخہ 17 جنوری 1963ء ملا جس میں موصولہ مضامین کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ میں اپنی تحریر کے بقیہ حصے بھی روانہ کردوں ’’ تاکہ بیک وقت سارے مضامین نگاہ میں رہیں۔ پھر ان شاء اللہ مولانا ان پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ‘‘۔

جواب میں میں نے لکھا ۔

اعظم گڈھ، 30 جنوری 1963ء

اعظم گڈھ، 30 جنوری 1963ء

محترمی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی             سلام مسنون

گرامی نامہ مورخہ 17 جنوری ملا۔ میں نے جو مضامین آپ کی خدمت میں بھیجے ہیں ، ان میں تین مضامین ہیں جن کے عنوانات حسب ذیل ہیں :

1۔      اسلامی مشن کی تعبیر

2۔     ’’ قرآن کی چار بنیادی اصطلاحیں ‘‘ پر تبصرہ

3۔     دین کا صحیح تصور ۔ 

ان تینوں مضامین میں میں نے نظریاتی حیثیت سے منفی اور مثبت طور پر اپنے خیالات پیش کیے ہیں اور یہی میرے ذہنی اشکال کی اصل بنیاد ہے ۔ ان کے علاوہ اس سلسلے میں اور جو چیز میں نے لکھی ہے وہ ’’نتائج ‘‘ سے متعلق ہے ۔ یعنی میرے خیال میں دین کی تعبیر میں جو غلطی ہوئی ہے، اس نے عملاً وہ نتائج بھی پیدا کر دیے ہیں جو اس طرح کے ذہن سے متوقع ہو سکتے تھے ۔

مگر یہ نتائج میرے اشکال کی اصل بنیاد نہیں ہیں ۔ کیوں کہ خواہ ان کو بطور واقعہ مان بھی لیا جائے پھر بھی ان کی اہمیت ا سی وقت ہے جب کہ ذہن کا غلط ہونا ثابت ہو جائے ۔ ورنہ بصورت دیگر ان کے دوسرے اسباب ہو سکتے ہیں ، اور دوسرے طریقہ سے انھیں دور کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ نیز ’’ نتائج ‘‘ سے متعلق یہ تحریر میں نے زیادہ تر ہندستان کے افراد کے پیش نظر مرتب کی ہے ، ان وجوہ سے میں بقیہ تحریر کو آپ کی خدمت میں بھیجنے کی ضرورت نہیں سمجھتا، اس وقت آپ نظریاتی پہلو سے میرے اشکال کا جواب دے دیں ۔ اس کے بعد  جیسی ضرورت ہو گی اس کے مطابق کر لیا جائے گا ۔

یہ میرا خیال ہے تاہم اگر آپ کا اصرار ہو گا تو مجھے بقیہ تحریر بھیجنے میں بھی کوئی عذر نہیں ہے۔

خادم وحید الدین

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion