وقت کی ضرورت
آج کی سخت ترین ضرورت یہ ہے کہ ملک میں فیبین سوسائٹی کے طرز کی تحریکیں اٹھائی جائیں، کمیونٹی کی سطح پر بھی اور قومی اور ملکی سطح پر بھی۔ حقیقت یہ ہے کہ آزادی کے فوراً بعد مہاتما گاندھی نے اسی قسم کی ایک جماعت کا نقشہ پیش کیا تھا اوراس کا نام انھوں نے جن کانگرس رکھا تھا۔ گاندھی جی کا کہنا یہ تھا کہ سیاسی آزادی مل جانے کے بعداب ہمارے سامنے ملک کی تعمیر کا زیادہ بڑا کام ہے۔ اس لیے ہمیں ایک غیر سیاسی جماعت کی ضرورت ہے۔ اس جماعت کا کام عوام کی ذہنی تربیت ہوگا اور وہ انتخابی سیاست سے الگ رہ کر خالص تعمیری انداز میں کام کرے گی۔ ’’جن کانگریس‘‘ کی کامیابی کے لیے ضروری تھا کہ کانگریس کے بڑے بڑے لیڈر عہدہ اور اقتدار کا راستہ چھوڑ کر خاموش عمل پر اپنے آپ کو راضی کریں اور پوری توجہ کے ساتھ اس میں لگ جائیں۔ مگر کوئی لیڈر اس سیاسی قربانی کے لیے تیار نہیں ہوا۔ اور گاندھی جی کی موت کے ساتھ اس کا بھی خاتمہ ہوگیا۔
