ایک مثال

سچے انسان کو لوگوں کے درمیان کس طرح رہنا چاہیے۔ اس کی بہترین میکینکل مثال شاک ابزاربر (shock absorber) کی ہے۔ شاک ابزاربر کے لفظی معنی ہیں جھٹکے کو سہنے والا۔ یہ ایک آلہ ہے جو کہ موٹر گاڑیوں میں لگایا جاتا ہے اور ایکسل اور باڈی کے درمیان ایک قسم کے گدّے کا کام کرتا ہے۔ وہ سڑک کی سطح کے تموج سے پیش آنے والے جھٹکوں کو باڈی تک پہنچنے سے روکتا ہے:

A device which on an automobile, acts as a cushion between the axles and the body and reduces the shocks on the body produced by undulations of the road surface (Encyclopedia Britannica, Vol. 9, p. 159).

اگر آپ ٹریکٹر پر50 کلو میٹر کا سفر کریں تو آپ اپنی منزل پر اس طرح پہنچیں گے کہ آپ تھکے ہوئے ہوں گے۔ اس کے برعکس، جب آپ ایک اچھی موٹر کار پر50کلو میٹر کا سفر کریں تو آپ منزل پر اس طرح اترتے ہیں کہ آپ بالکل تازہ دم ہوتے ہیں۔

دونوں گاڑیوں میں اس فرق کا سبب کیا ہے۔ اس کا سبب شاک ابزار بر ہے۔ کار جب چلتی ہے تو زیادہ تر اس کا پہیہ نیچے اوپر ہوتا ہے، باڈی نیچے اوپر نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس، جب ٹریکٹر چلتا ہے تو اس کا پہیہ اور باڈی دونوں نیچے اوپر ہوتے رہتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں، کار اس گاڑی کا نام ہے کہ جو جھٹکا گاڑی کو لگا وہ گاڑی تک رہ گیا، وہ مسافر تک نہیں پہنچا۔ اس کے برعکس، ٹریکٹر اس گاڑی کا نام ہے کہ جو جھٹکا گاڑی کو لگا وہ گاڑی تک نہیں رُکا، بلکہ وہ مسافر تک پہنچ گیا۔

سچا انسان دنیا میں کار کی طرح جیتا ہے، اور جھوٹا انسان ٹریکٹر کی طرح۔ سچے انسان کے سینے میں ایک’’شاک ابزاربر‘‘ ہوتا ہے جو تمام جھٹکوں اور صدموں کو اندر ہی اندر سہتا رہتا ہے۔ اس کے برعکس، جھوٹے انسان کے اندر ’’شاک ابزاربر‘‘ نہیں ہوتا۔ وہ ہر جھٹکے کو دوسروں تک پہنچاتا رہتا ہے۔ اچھا سماج بنانا ہے تو سچے انسان بنایئے۔ کیوں کہ یہ دراصل جھوٹے انسان ہی ہیں جو سماج کو بگاڑ اور فساد سے بھر دیتے ہیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion