ہندو برادریوں کا رواج
خود ہندوؤں میں شادی بیاہ کا کوئی ایک مقرر طریقہ نہیں۔ ہندوؤں میں سینکڑوں کی تعداد میں مختلف گروہ ہیں اور ہر گروہ اپنے اپنے خاندانی یا علاقائی رواج کے مطابق شادی کی رسوم ادا کرتا ہے۔ مثال کے طور پر کرکٹ کے مشہور کھلاڑی ساچن ٹنڈولکر(Sachin Tendulkar) نے25 مئی1995 کو بمبئی میں مسز انجلی مہتا سے شادی کی تو اخباری رپورٹ کے مطابق، ان کے نکاح کی تقریب مہاراشٹر کے روایتی انداز(traditional Maharashtrian-style) میں ادا کی گئی(پانیر 26 مئی 1995)۔
آج بھی تقریباً تمام ہندو اپنی شادیاں اپنے مذہبی رواج کے مطابق کرتے ہیں، اگرچہ اسپیشل میرج ایکٹ1954 کی صورت میں ان کے لیے ایک عمومی قانون موجود ہے:
Almost all Hindus still solemnise their marriages through religious customs although there is a civil way out through the Special Marriages Act of 1954. (Hindustan Times, May 22, 1995)
یہ کوئی اتفاقی بات نہیں۔ یہ دراصل وہی ہے جو ہونا چاہیے۔ شادی بیاہ کا تعلق انتہائی نجی معاملات سے ہے۔ ایسے معاملات میں ہر فرقہ ہمیشہ اپنے خاندانی یا گروہی رسم و رواج کے مطابق ہی عمل کرتا ہے۔ اس طرح کے معاملات میں اس کے سوا کوئی اور صورت ممکن نہیں۔
