اسلام ایک نعمت
حقیقت یہ ہے کہ اسلام ہی واحد مذہب ہے جو مذکورہ تینوں معیار پر اپنی صداقت وواقعیت کو ثابت کرتا ہے۔ اسلام کے سوا دوسرا کوئی مذہب نہیں جو ان تینوں قسم کی جانچ میں پورا اترے۔ پہلے معیار کی روشنی میں دیکھیے تو معلوم ہو گا کہ اسلام پورے معنوں میں ایک تاریخی مذہب ہے۔ اس کے تمام اجزاء خالص تاریخ کے علمی معیار پر پورے اترتے ہیں۔
اسی طرح اسلام کے بعد سائنس کا ظہور ہوا اور ہزاروں حقائق سامنے آئے جو اس سے پہلے انسان کو معلوم نہ تھے۔ مگر کوئی بھی نئی تحقیق اسلام کی پچھلی تعلیم کی علمی معقولیت کو مشتبہ نہ کر سکی۔ بعد کی سائنسی دریافتیں اسلام کے بیانات کی صرف علمی تصدیق بنتی چلی گئیں نہ کہ ان کی تردید۔
اسی طرح تمام مذاہب میں اسلام ہی واحد مذہب ہے جس کا بتایا ہوا نظام ہر دور میں قابل عمل ہے۔ اسلامی نظام کا کوئی بھی جزء بعد کو ظاہر ہونے والی حقیقتوں سے نہیں ٹکراتا۔ مزید یہ کہ صرف اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جس کی پشت پر انسانی زندگی کا ایک مکمل اور ثابت شدہ نمونہ موجود ہے۔ کسی بھی دوسرے مذہب کی تاریخ میں اس قسم کا عملی نمونہ نہیں پایا جاتا۔
اسلام کی یہ خصوصیت صرف اسلام کو ماننے والوں کا اپنا عقیدہ نہیں۔ وہ ایک ایسا مسلّمہ واقعہ ہے کہ غیر مسلم مورخین اوراہل علم بھی اس کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر ڈاکٹر نشی کانت چٹوپادھیائے نے لکھا ہے کہ تمام بڑے بڑے مذاہب میں اسلام واحد مذہب ہے جو تاریخ کے معیار پر قابل اعتماد ثابت ہوتا ہے۔ ڈاکٹر موریس بکائی نے تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ جدید سائنسی دریافتوں کے بعد تمام بڑے بڑے مذاہب غیر معتبر ثابت ہو چکے ہیں ، صرف اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جس کی تعلیمات میں اور جدید سائنسی دریافتوں میں کوئی ٹکراؤ نہیں۔ اسی طرح سوامی وویکانند نے لکھا ہے کہ تاریخ میں صرف ایک ہی مذہب ایسا ہے جس نے انسانی اخوت اور مساوات کے اصول پر ایک عملی سماج کی تشکیل کی ہے اور وہ اسلام ہے۔
اس سلسلے میں غیر مسلم مؤرخین اور محققین نے بہت سی کتابیں لکھی ہیں۔ اب یہ بات صرف کسی مسلمان کا عقیدہ نہیں، بلکہ وہ ایک مسلّمہ علمی حقیقت ہے۔ یہاں بطور مثال صرف چند کتابوں کے نام درج کیے جاتے ہیں۔ تفصیل کے طالب حضرات ان کتابوں کو دیکھ سکتے ہیں۔
Nishi Kant Chattopaddhyaye, Why I have accepted Islam?
Swami Vivekanand, Letters of Swami Vivekanand
M.N. Roy, The Historical Role of Islam
Maurice Bucaille, The Bible, The Quran and Science
