خدا کی طرف
مارکونی (Guglielmo Marconi, 1874-1937) پہلا شخص تھا جس نے 1901 ء میں بحر اٹلانٹک کے ایک طرف سے دوسری طرف ریڈیو لہریں بھیجنے میں کامیابی حاصل کی ۔ اس وقت یہ معلوم نہ ہو سکا تھا کہ وہ کون سا ذریعہ ہے، جس نے لہروں کے اس سفر میں مدد دی ہے ۔ 1924ء میں ایڈورڈ اپیلٹن(Edward Victor Appleton, 1892-1965) وغیرہ نے دریافت کیاکہ یہ زمین کی اوپری فضا میں آئنو اسفیر کی موجودگی ہے جو لاسلکی پیغام رسانی کو ممکن بناتی ہے ۔
تاہم یہ سوال اب بھی باقی ہے کہ فضا میں آئنو اسفیر کا یہ حیرت انگیز نظام کس نے قائم کر رکھا ہے— اس قسم کے سوالات کا سائنس کے پاس کوئی جواب نہیں ۔ ساری ترقیات کے باوجود علم کی یہ بے بسی انسان کوخدا کے سامنے جھکنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ اس سلسلے کا تازہ واقعہ یہ ہے کہ چاند پر جانے والے امریکی خلاباز جیمز ارون (1991-1930) نے الحاد کا طریقہ چھوڑ کر مذہبی راستہ اختیار کر لیا ہے۔ علم کی ترقی نے انسان کے اس احساس میں صرف اضافہ کیا ہے کہ خدا کے آگے جھکنے کے سوا اس کے لیے کوئی دوسرا راستہ نہیں ۔
