جھکنے میں سر بلندی
فرد کا جھکنا قوم کا سر بلند ہونا ہے

لارڈ سالسبری (1903-1830) ملکہ وکٹوریہ کے زمانہ حکومت میں برطانیہ کے وزیر اعظم تھے ۔ اس زمانہ میں کار کا رواج نہ تھا۔ وزیر اعظم سالسبری اپنی سائیکل پر سوار ہو کر جا رہے تھے ۔ ایک مقام پر وہ سڑک کے غلط رخ سے گزرنے لگے ۔ سڑک پر متعین کانسٹبل نے انھیں روکا۔ وزیر اعظم نے کانسٹبل کو بتایا کہ میں وزیر اعظم ہوں، اور چوں کہ مجھے عجلت تھی اس لیے مجھ سے ٹریفک کے ضابطہ کی خلاف ورزی ہو گئی۔ کانسٹبل نے جواب دیا کہ میں اپنی ڈیوٹی کو بجا لانے والا کانسٹبل ہوں ۔ میرا فرض صرف یہ ہے کہ ٹریفک کی خلاف ورزی نہ ہونے دوں۔ چوں کہ آپ ایک سفید ریش بزرگ ہیں، اس لیے میں صرف اتنی رعایت کر سکتا ہوں کہ آپ کا چالان نہ کروں۔ لیکن اتنا آپ کو بہر حال کرنا پڑے گا کہ آپ واپس جائیں اور جہاں سے سڑک شروع ہوتی ہے، وہاں سے سیدھی سمت میں آئیں ۔ وزیر اعظم نے بے چون وچرا ٹریفک کانسٹبل کا حکم مان لیا ۔ نیز اس واقعہ کا ذکر ملکہ وکٹوریہ کے پرائیویٹ سکریٹری سے خود کر کے اس فرض شناس کا نسٹبل کو خراج تحسین پیش کیا۔

برطانیہ کے دوسرے وزیر اعظم مسٹر بالڈون (1947-1867ء) کا واقعہ ہے ۔ وہ اپنی کار میں سفر کر رہے تھے ۔ ایک چوراہہ پر کار رکی ۔ ٹریفک کی قطار میں ان کی گاڑی پیچھے تھی۔ راستہ کھلا تو ڈرائیور نے قبل اس کے کہ آگے کی موٹریں گزریں ، وزیر اعظم کی موٹر آگے نکال لینے کی کوشش کی ۔ ٹریفک کانسٹبل نے فی الفور روکا ۔ ڈرائیور نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب کو سرکاری کام کی وجہ سے جلدی ہے ۔ کانسٹبل نے کہا، مجھے اس سے کوئی بحث نہیں کہ موٹر نشین کون ہے ۔ قانون کی رو سے ٹریفک کی پابندی عام شہری اور وزیر اعظم دونوں پر لازم ہے ۔ یہ سن کر وزیر اعظم نے موٹر سے اتر کر کانسٹبل سے معافی مانگی اور ڈرائیور کو ہدایت کی کہ وہ کانسٹبل کے حکم کی تعمیل کرے۔ (نیشنل ہیرلڈ، جنوری 1978)

لیڈر اپنے کو اصول کے آگے جھکا لے تو ساری قوم اصول کے آگے جھکنے والی بن جاتی ہے، اور یہی کسی قوم کی طاقت کا سب سے بڑا راز ہے ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom