بلند اخلاقی کی ایک مثال

27 ستمبر1973 ء کی بات ہے۔ پنڈی جوئلرس (چاندنی چوک، دہلی ) میں ایک صاحب سے ملاقات ہوئی۔ یہ سردار بشن سنگھ ہیں۔  بی -28 ساؤتھ ایکسٹینشن پارٹ 2، نئی دہلی میں رہتے ہیں ۔ وہ ضلع راولپنڈی کے باشندے تھے ۔ تقسیم کے بعد یہاں چلے آئے ۔ راولپنڈی سے 30 میل کے فاصلہ پر گوجر خاں ایک قصبہ ہے، وہاں ان کی زمینداری تھی ۔ اسی کے ساتھ وہ اس وقت آنریری مجسٹریٹ بھی تھے۔

انھوں نے اپنے زمانہ کے انگریز افسران کے بہت سے واقعات بتائے ۔ ان میں سے ایک واقعہ مسٹر مارسڈن (Marsdon)کا تھا جو اس وقت راولپنڈی میں ڈپٹی کمشنر تھے ۔ 1943 کا واقعہ ہے ، مسٹر مارسڈن سردار صاحب کے قصبہ میں آئے ۔ ان کو گوجر خان کی تحصیل کا معائنہ کرنا تھا۔ تحصیل جانے سے پہلے سردار صاحب سے ملاقات ہوئی ۔ سردار صاحب نے خواہش ظاہر کی کہ دوپہر کا کھانا میرے ساتھ کھائیے ۔ مسٹر مارسڈن نے دعوت قبول نہ کی اور وہ تحصیل چلے گئے ۔ کچھ دیر بعد دوبارہ مسٹر مارسڈن کی کار سردار صاحب کے مکان کے سامنے رکی ۔ وہ باہر نکلے تو سردار صاحب نے کہا:اگر آپ نے میری دعوت قبول کر لی ہوتی تو اتنی دیر میں میں نے کھانا تیار کر ا لیا ہوتا اور آپ کھانا کھا کر یہاں سے جاتے ۔ انگریز ڈپٹی کمشنر نے اب بھی سردار صاحب کی کھانے کی دعوت قبول نہ کی ۔ البتہ اپنی لڑکی کو جو اس وقت ساتھ تھی، سردار صاحب کے مکان پر چھوڑ دیا اور کہا کہ یہ کل تک آپ کے یہاں رہے گی ۔ آپ جو کچھ کھلانا چاہتے ہیں اس کو کھلائیے ۔ سردار صاحب حیرت میں تھے کہ یہ معمہ کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر صاحب خود تو ایک وقت کھانے کے لیے تیار نہیں ہیں اور لڑکی کو کئی وقت کے لیے چھوڑے جا رہے ہیں ۔ ان کو متعجب دیکھ کر مسٹر مارسڈن نے کہا:اصل بات یہ ہے کہ راولپنڈی میں میرے کچھ عزیز آئے ہوئے ہیں، مجھے وہاں پہنچ کر ان کے ساتھ کھانا کھانا ہے، کیونکہ میں ان سے وعدہ کر چکا ہوں ۔ مگر میں یہ بھی نہیں چاہتا کہ لوگوں پر یہ تاثر ہو کہ ڈپٹی کمشنر صاحب یہاں آئے اور انھوں نے آپ کے مکان پر کھانا نہیں کھایا ۔ اس سے آپ کی عزت پر اثر پڑے گا ۔ آپ کی عزت کو بچانے کے لیے میں لڑکی کو آپ کے یہاں چھوڑے جا رہا ہوں:

I want to keep your prestige

بڑا آدمی وہ ہے، جو دوسرے کے بارے میں بھی اتنا ہی حساس ہو، جتنا کوئی شخص اپنے بارے میں ہوتا ہے ۔ جو دوسرے کی بے عزتی کو اپنی بے عزتی سمجھے، اور دوسرے کی عزت کو اپنی عزت۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom