دہرا نقصان ۔۔۔
’’نیٹ جہاز کیا ہے ‘‘طالب علم سے یہ سوال پوچھا جائے، اور اس کے جواب میں وہ جیٹ جہاز کی تفصیلات بتانے لگے، تو امتحان کے ایک اصول کے مطابق اس کے نمبر کم کر دیے جائیں گے ۔ یعنی سوال اگر پانچ نمبر کا تھا تو غلط جواب کی وجہ سے اس کے دس نمبر کاٹ لیے جائیں گے ۔ کیونکہ غلط جواب اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ وہ نہ صرف نیٹ جہاز سے ناواقف تھا بلکہ جیٹ جہاز کو بھی نہیں جانتا تھا ۔ امتحان کے اس اصول کو نمبر کی نفی (minus marking) کہتے ہیں ۔
بعض امتحانات میں نمبر کی نفی کا جو طریقہ رائج ہے ، وہ زندگی کے معاملہ میں بھی نہایت بے رحمی کے ساتھ کار فرما ہے ۔ اگر کوئی شخص یا گروہ غلط اقدام کر بیٹھے تو صرف اتنا ہی نہیں ہو گا کہ وہ منزل پر نہیں پہنچے گا ۔ بلکہ وہ پہلے سے بھی زیادہ منزل سے دور ہو جائے گا۔
