ارادہ بیماری پر غالب آیا

کلاس میں صحت کی بات چھڑ گئی ۔ ماسٹر صاحب صحت کے اصول لڑکوں کو سمجھا رہے تھے ۔ اتنے میں ایک طالب علم کھڑا ہو گیا ۔ ’’ماسٹر صاحب ‘‘ وہ بولا ’’اجازت ہو تو ایک بات دریافت کروں ‘‘۔

’’ضرور‘‘

’’ماسٹر صاحب اس عمر میں آپ کی اتنی اچھی صحت ہے ، اس کا راز کیا ہے ‘‘۔

اس کے بعد ماسٹر صاحب نے اپنی کہانی بیان کرنی شروع کی ۔ انھوں نے کہا ’’ یہ اس وقت کی بات ہے جب کہ میں تم سے بھی چھوٹا تھا، اس وقت میں کلکتہ میں تھا ، میری صحت بہت خراب ہو گئی ، میں اتنا دُبلا اور کمزو ر ہو گیا۔ کہ چلنا پھرنا مشکل ہو گیا۔ ڈاکٹر بھی میرے علاج سے مایوس ہو گئے ۔ ایک روز ڈاکٹر نے کہا ’’اس کو گھر لے جاؤ۔ اب یہ بچ نہیں سکتا، تاکہ یہ مرے تو اپنے ماں باپ کے پاس مرے ‘‘۔

’’ڈاکٹر کو میری موت پر اتنا یقین تھا کہ اس نے میرے سامنے ہی یہ بات کہہ دی ۔ مجھے ڈاکٹر کی بات سن کر بہت غصہ آیا ۔ میں نے اپنے دل میں کہا ’’مجھے زندہ رہنا ہے‘‘۔ اور میں نے اس کے فوراً بعد زندگی کی جدوجہد شروع کر دی ۔

’’میں نے سوچا کہ سب سے پہلا کام مجھے یہ کرنا ہے کہ اپنے دماغ سے اس خیال کو نکال دوں کہ میں بیمار ہوں یا مر جانے والا ہوں ۔ میں نے فیصلہ کیا کہ چاہے کچھ ہو مجھے بہرحال جینا ہے ۔ اس کے بعد نہ میں کسی ڈاکٹر کے پاس گیا اور نہ کوئی دوا کھائی ۔ البتہ اپنی زندگی کو نہایت منظم کر لیا۔ میں روزانہ صبح کو کھلی ہوا میں ورزش کرتا ، روزانہ نہاتا، روزانہ اپنے بدن پر تیل کی مالش کرتا اور دن رات کے سارے اوقات کو ایک نظام کے تحت گزارتا ۔

میرا ارادہ میری بیماری پر غالب آیا ۔ میں دھیرے دھیرے اچھا ہو نے لگا ۔ میرے چہرے پر موت کے پیلے پن کے بجائے زندگی کی سُرخی دوڑنے لگی ۔ اب میں ایک تندرست نوجوان تھا، جس کی صحت پر لوگ رشک کرتے تھے ۔ وہ دن ہے اور آج کا دن ، میں بچپن سے جوان ہوا اور جوانی کے بعد اب بڑھاپے کا دور شروع ہو گیا ہے، لیکن ڈاکٹر کے اندازہ کے خلاف نہ صرف یہ کہ میں زندہ رہا بلکہ پھر کبھی بیمار نہیں ہوا ۔

میں نے طے کیا تھا کہ مجھے زندہ رہنا ہے اور قدرت نے یہ الفاظ صحیح ثابت کر دکھائے ‘‘۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom