سیکھنے کی اہمیت

ایک مسلم نوجوان نے عربی مدرسہ میں تعلیم حاصل کی۔ مزید تعلیم کے لیے انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی میں داخلہ لیا۔ مجھے معلوم ہوا کہ وہ مدرسہ میں پڑھے ہوئے نوجوانوں سے ملتے ہیں، لیکن جو نوجوان انگریزی اسکولوں میں پڑھ کر آتے ہیں اور انگریزی بولتے ہیں ان سے وہ دور رہتے ہیں۔ میں نے پوچھا کہ آپ ایسا کیوں کرتے ہیں۔ انہوں نے جواب دیا کہ مجھے ان لوگوں کی طرح اچھی انگریزی بولنا نہیں آتا۔ میں نے کہا کہ یہ کوئی عذرنہیں۔ اگر آپ کو اچھی انگریزی بولنانہیں آتا تو آپ کو سیکھنا تو آتا ہے۔ آپ بات کرنے کے لیے نہیں، بلکہ سیکھنے کے لیے ان کے پاس بیٹھیے۔ انہوں نے ایک سال ایسا کیا۔ اس کے بعد انہیں دوسروں کی طرح انگریزی میں بات کرنا آگیا۔

اکثر لوگ اپنے بارے میں اس قسم کی کمتری کی نفسیات میں مبتلا رہتے ہیں۔ وہ اپنے حال (present) کو جانتے ہیں، مگر وہ اپنے مستقبل (future)کو دریافت نہیں کرپاتے۔ یہ کمزوری اکثر لوگوں میں غیر شعوری طور پر ہوتی ہے۔ وہ اپنی اس کمزوری کو دریافت نہیں کرپاتے، وہ جانے بغیر اس میں مبتلا رہتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر آدمی کے اندر فطری طور پر اعلیٰ امکانات موجود رہتے ہیں، لیکن بے شعوری کی بناپر وہ ان امکانات کو واقعہ نہیں بناپاتا۔ یہاں تک کہ وہ اسی حال میں مرجاتا ہے۔

 سیکھنا(learning)ہر انسان کے لیے بہت ضروری ہے ۔ سیکھنے کا فائدہ سب سے زیادہ ان لوگوں کے ذریعے ملتا ہے جو آپ کے جاننے والے ہوں۔ البتہ اس کے لیے ایک لازمی شرط یہ ہے کہ آدمی کے اندر تواضع (modesty)کا مزاج ہو۔ کسی نے صحیح کہا ہے کہ تواضع علم کا دروازہ ہے:

Modesty is the door of knowledge.

تواضع کے ذریعے آدمی علم کی دنیا میں داخل ہوجاتا ہے۔ جس آدمی کے اندر تواضع کی صفت نہ ہو، وہ دوسروں سے فائدہ نہیں اٹھائے گا، وہ علم کے کتب خانے کے اندر بھی علم سے محروم رہے گا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion