شعوری ایمان

قاضی مجتبیٰ حسن زنجانی ( پیدائش 1915) حکومت ہند میں جوائنٹ چیف کنٹرولر امپورٹ اینڈ اکسپورٹ تھے۔ 14 فروری 1983 کی ملاقات میں انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بتایا۔

1935 میں جب کہ وہ الہ آباد میں تعلیم حاصل کر رہے تھے اصغر گونڈوی (1884-1936) بھی وہاں مقیم تھے۔ اصغر صاحب اس وقت ہندوستانی اکیڈمی کے سہ ماہی رسالہ ’’ہندوستانی‘‘ کے مدیرتھے۔ جناب زنجانی صاحب اور ان کے کچھ نوجوان ساتھی ایک روز اصغر گونڈوی سے ملنے کے لیے گئے۔ وہاں مجلس میں ایک اورصاحب موجود تھے جوان طلبہ کے آزادانہ خیالات سے واقف تھے۔ انہوں نے اصغر گونڈی سے کہا :

’’ حضرت یہ لڑکے انگریزی پڑھ کر دہریے ہوگئے ہیں ‘‘۔

اصغر گونڈی یہ سن کر فوراً سنجیدہ ہوگئے۔ ان کو دہریہ نہ کہو۔ ’’ انہوں نے کہا۔ ’’ یہ ابھی ’’لا الہ‘‘ کی منزل میں ہیں ۔ اس کے بعد جب وہ ’’الااللہ‘‘ کی منزل میں پہنچیں گے تو وہ تم سے اچھے مسلمان ہوں گے ‘‘۔

اصغر گونڈوی کے اس جملہ کا ایک پہلو یہ ہے کہ انہوں نے ایک واقعہ کے تاریک پہلو کو لینے کے بجائے اس کے روشن پہلو کو لیا۔ خدا اور مذہب کے بارے میں ایک آدمی کی تشکیکی خیالات کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ وہ باقاعدہ طور پر خدا اور مذہب کا منکر ہو۔ مگر اسی کے ساتھ یہاں دوسرا امکان بھی ہے۔ وہ یہ کہ آدمی تلاش کے مرحلہ میں ہو۔ اصغر گونڈوی نے نوجوانوں کی ’’دہریت‘‘ کوانکار کے معنی میں لینے کے بجائے اس کو تلاش کے معنی میں لیا۔

اس کے اندر ایک اور حکمت بھی ہے۔ وہ یہ کہ ’’ تلاش‘‘ کے مرحلہ سے گزر کر جو شخص      ’’یافت‘‘ کے مرحلہ تک پہنچتا ہے اس کا ایمان بے حد پختہ ہوتا ہے۔ جو آدمی شعوری طور پر      ’’نہیں‘‘ کا انکار کرے اور شعوری طور پر ’’ہے‘‘ کو اختیار کرے تو اس کے ایمان میں جوش اور یقین اور زندگی ہوتی ہے۔ اس کا ایمان ان لوگوں سے بہت بلند ہوتا ہے جنہوں نے ’’نہیں‘‘ کا تجربہ نہیں کیا۔ جن کو نسلی اور روایتی طور پر ایک عقیدہ مل گیا اور وہ اس سے مانوس ہوکر اس سے وابستہ ہوگئے۔

روایتی ایمان ایک آبائی تقلید ہوتا ہے۔ اور شعوری ایمان ایک ذاتی دریافت۔ اول الذکر ایمان آدمی کی زندگی کا بس ایک ضمیر ہوتا ہے۔ جبکہ ثانی الذکر ایمان اس کے وجود میں خون اور حرارت بن کر داخل ہوجاتا ہے۔ ایک اگر بے روح ایمان ہے تو دوسرا حقیقی معنوں میں زندہ ایمان۔ (الرسالہ، مئی 1983)

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion