اعتراف

بھوپال کے قریب ایک گاؤ ں کا واقعہ ہے ۔ لوگ عام طور پر جاہل اور نماز وغیرہ سے بے تعلق تھے۔ ایک عالم اس گاؤ ں میں جانے لگے ۔ انہوں نے لوگوں کو غیرت دلائی اور ان کو جوڑ کر نماز پر آمادہ کیا اور وہاں جمعہ بھی قائم کیا ۔ اب وہاں پنج وقتہ نماز اور جمعہ ہونے لگا۔

اس کے بعد ایسا ہوا کہ شاہ محمد یعقوب مجددی (1339-1203ھ) کا اس گاؤ ں میں جانا ہوا۔ اگلے دن جمعہ تھا ۔ لوگو ں نے کہا کہ آپ کل تک یہاں ٹھہریں اور کل آپ ہی یہاں جمعہ پڑھائیں۔ حضرت شاہ صاحب کی نظر مسئلہ پر گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے چھوٹے گاؤ ں میں مسئلہ کی رو سے جمعہ کی نماز جائز نہیں ۔ یہ کہہ کر وہ شہر واپس آگئے تاکہ یہاں جمعہ کی نماز ادا کر سکیں۔

اس کے بعد مذکورہ عالم کا اس گاؤ ں میں جانا ہوا۔ انہوں نے دیکھا کہ وہاں نماز کا نظام ٹوٹ گیا ۔ لوگوں نے اپنے گاؤ ں میں نماز جمعہ کی ادائیگی چھوڑ دی اور کسی بڑے مقام پر بھی جمعہ پڑھنے کے لیے نہیں گئے ۔ لوگوں نے شکایت کی کہ آپ نےیہاں جمعہ قائم کر دیااور حضرت پیر صاحب آئے تھے تو انہوں نے بتایا کہ اس گاؤ ں میں جمعہ کی نماز جائز ہی نہیں ۔ چنانچہ ہم نے جمعہ پڑھنا چھوڑ دیا۔

مذکورہ عالم یہ صورت دیکھ کر بہت پریشان ہوئے اور فوراً روانہ ہو کر حضرت شاہ صاحب کے پاس پہنچے۔ انہوں نے حضرت شاہ صاحب سے پوچھا کہ کیا آپ نے گاؤ ں والوں سے یہ کہا ہے کہ یہاں جمعہ کی نماز جائز نہیں ۔ حضرت شاہ صاحب نے کہا ہا ں میں نے کہا ہے ۔ اور مسئلہ تو یہی ہے ۔ مذکورہ عالم نے کہا کہ حضرت آپ درست فرماتے ہیں۔ مگر صورت حال یہ ہے کہ اس گاؤ ں کے لو گ نماز چھوڑے ہوئے تھے۔ ان کو کہہ سن کر نماز کی طرف متوجہ کیا ہے۔ شرائط جمعہ کے مسائل اپنی جگہ صحیح ہیں۔ مگر ابھی ان لوگوں میں اتنی رغبت نہیں کہ وہ جمعہ کی خاطر سفر کر کے باہر جائیں اور مرکزی مقام پر جمعہ کی نما زادا کریں۔ ان کی مزاج کی رعایت کرتے ہوئے میں نے وہاں جمعہ کی نماز شروع کرادی تھی تاکہ کسی طرح وہ عادی ہو جائیں۔

حضرت شاہ محمد یعقوب مجددی نے یہ سنا تو فرمایا کہ آپ بالکل صحیح کہتے ہیں ۔ مجھ سے غلطی ہوگئی۔ اس کے بعد اگلے جمعہ کو وہ دوبارہ گاؤ ںمیں گئے اور لوگوں سے کہا کہ مذکورہ عالم کا جمعہ قائم کرنا بالکل صحیح تھا۔ ’’اصل یہ ہے کہ میں نے متن دیکھا تھا، حاشیہ نہیں دیکھا۔ حاشیہ میں وہ مسئلہ موجود ہے جو مولوی صاحب نے تم لوگوں کو بتایا ۔ اب تم لوگ پہلے کی طرح یہاں نما زادا کرو ‘‘۔ اس کے بعد خو دوہاں کے لوگوں کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی۔ پھر شہر واپس آئے۔

(الرسالہ، اپریل 1981)

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion