روحانی کثافت

مشینی صنعت نے موجودہ زمانہ میں انسان کے لیے ایک نیا مسئلہ پیدا کیا ہے جس کو کثافت (pollution) کہا جاتا ہے۔ مشینوں اور کارخانوں کی وجہ سے شور میں اضافہ ہوا ہے جس کو صوتی کثافت (noise pollution) کہتے ہیں۔ اسی طرح پانی اور ہوا میں گندگی شامل ہو رہی ہے جس کو آبی کثافت (water pollution) اور فضائی کثافت (air pollution) کہا جاتا ہے۔

کمیونسٹ ملکوں میں اب ایک نئی اصطلاح وضع ہوئی ہے جس کو روحانی کثافت (spiritual pollution) کا نام دیا گیا ہے۔ اس اصطلاح کا آغاز کمیونسٹ چین سے ہوا ہے ۔ سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کے زمانہ میں امریکا اور چین کے درمیان جو معاہدہ ہوا، اس کے تحت چین اور مغربی دنیا کے درمیان آمدورفت بڑھ گئی۔ اب مختلف قسم کے مذہبی اور ثقافتی وفد چین جانے لگے۔ چین کے رسائل میں مغربی دنیا کے مضامین چھپنے لگے۔

اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مغربی دنیا کے افکار چین کے اندر پہنچنے لگے جو کمیونسٹ انقلاب کے بعد بالکل بند تھے — انفرادیت پسندی ، فکری آزادی اور مذہبی خیالات جو چین میں اب تک ممنوع تھے وہ مغرب کے واسطے سے چین میں درآمد ہونے لگے۔ یہ کمیونسٹ نظریہ کے خلاف زبردست چیلنج تھا ۔ یہ اس نظام فکر کو منہدم کرنے کے ہم معنی تھا جس پر کمیونسٹ چین کا سیاسی ڈھانچہ قائم ہے۔ چنانچہ چین میں اس ’’روحانی کثافت‘‘ کے خلاف سرکاری سطح پر زبردست مہم شروع ہو گئی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس نئی کثافت سے اپنے ملک کو یکسر پاک کر دے (ٹائمس آف انڈیا، 9نومبر 1983ء) ۔

کمیونسٹ حضرات کا دعویٰ ہے کہ ان کا نظریہ تمام نظریات میں سب سے زیادہ صحیح نظریہ ہے۔ انسان کی فکری تلاش اپنے لمبے تجربہ کے بعد جس آخری سچائی پر پہنچی ہے وہ وہی ہے جس کو کمیونزم کہتے ہیں۔ جب ایسا ہے تو کمیونسٹ نظام غیر کمیونسٹ نظریہ سے خائف کیوں ہے۔ حق کو ناحق سے خطرہ کیوں درپیش ہے۔ اعلیٰ نظریہ کمتر نظریہ کے مقابلہ میں اپنے کو دفاعی پوزیشن میں کیوں محسوس کرتا ہے۔

کیا اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ جس چیز کو کمیونسٹ مفکرین نے آخری سچائی سمجھا تھا وہ محض ایک احمقانہ فریب تھا۔ ان کا اجالا درحقیقت اندھیرا تھا جس کو انھوں نے غلطی سے اجالا سمجھ لیا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom