تمہید

اس مجموعہ میں راقم الحروف کی نشری تقریر یں شامل کی گئی ہیں۔ یہ مختلف موضوعات پر ہیں۔ ان کا باہمی ربط یہ ہے کہ وہ سب کی سب نشری تقریریں ہیں ۔

آل انڈیا ریڈیو نئی دہلی سے میری پہلی تقریر 9 جون 1968 کو نشر کی گئی تھی۔ اس تقریر کا عنوان تھا، پیغمبر اسلام کا کردار۔ اس کے بعد مختلف اوقات میں میری تقریریں ریڈیو پر نشر ہوتی رہیں۔ یہاں تک کہ ان کی تعداد تقریباً تین درجن ہوگئی ۔ یہ مجموعہ انھیں تقریروں پر مشتمل ہے۔ البتہ کچھ ریڈیو پروگرام بات چیت کے انداز میں ہوئے ۔ ان میں سے ایک روزہ کے بارے میں تھا ۔ یہ پروگرام 19 اگست 1978 کو ہوا ۔ اور اس میں تین مذہب کے نمائندوں نے روزے کے بارے میں بات چیت کے انداز میں اظہار خیال کیا۔

اس قسم کا دوسرا پروگرام وہ ہے جو 18 ستمبر اور 24ستمبر 1987 کو نئی دہلی ریڈیو سے نشر کیا گیا۔ راقم الحروف کا ایک مضمون ٹائمس آف انڈیا 15ستمبر 1987 میں شائع ہوا۔ جس کا عنوان تھا :

Not by grievances alone

اس مضمون کی اشاعت کے بعد آل انڈیا ریڈیو، نئی دہلی نے راقم الحروف کے ایک انٹرویو کا انتظام کیا۔ اس میں انٹرویور نے مذکورہ مضمون کی روشنی میں ہندستانی مسلمانوں کے مسائل پر سوالات کیے ۔ اور میں نے اپنے نقطۂ نظر کے مطابق ان کا جواب دیا۔ اس انٹرویو کا ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے اس کو زیر نظر مجموعہ میں شامل نہ کیا جاسکا ۔

ریڈیو گویا انسانی آواز کی توسیع ہے ۔ ریڈیو کے ذریعہ یہ ممکن ہو جاتا ہے کہ آدمی اپنی زبان سے ایک مخصوص مقام پر بولے، مگرمشین کے ذریعہ اس کی آواز تمام دنیا میں سنائی دے۔ مزید یہ کہ عین اسی وقت اور اسی لب ولہجہ میں ۔ حقیقت یہ ہے کہ جدید مواصلاتی ذرائع اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہیں۔ عجیب بات یہ ہے کہ اللہ کی بات کو پھیلانے ہی کے لیے اب تک ان جدید ذرائع کو سب سے کم استعمال کیا گیا ہے ۔ حتی کہ اسلامی ملکوں کا حال بھی اس معاملہ میں کچھ زیادہ مختلف نہیں ۔ یہ دور جدید کا ایک عظیم امکان ہے جو ابھی تک تقریباً غیر استعمال شدہ حالت میں پڑا ہوا ہے۔

زیر نظر مجموعہ میں جو ریڈیائی تقریریں شامل کی گئی ہیں وہ سب کی سب وہ ہیں جو پیشگی طور پر لکھی گئی تھیں اور ریڈیو کے اسٹوڈیو میں پڑھ کر سنائی گئیں۔ ان کو آل انڈیا ریڈیو کی اجازت سے دوبار اس مجموعہ میں شائع کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ بہت سی تقریریں وہ ہیں جوز بانی طور پر ریکارڈ کرائی گئیں ۔ آج کل میں زیادہ تر اسی انداز پر بولتا رہا ہوں۔ ان تقریروں کا کوئی تحریری ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ اور نہ میں نشریہ کے بعد ان کو قلم بند کر سکا۔ اس لیے اس قسم کی تقریر میں زیر نظر مجموعہ میں شامل نہیں ہیں۔

                                                        وحید الدین

      30 اکتوبر 1996

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion