میکے اور سسرال کا فرق

ایک لڑکی جب اپنے میکے میں ہوتی ہے تو وہ ان لوگوں کے درمیان ہوتی ہے جن سے اس کا خونی تعلق ہے۔ اس خونی تعلق کی بنا پر ایسا ہوتا ہے کہ میکے میں اس کو یک طرفہ محبت کے ماحول میں جینا ہوتا ہے۔ میکے میں لڑکی کے لیے یہ ماحول ہوتا ہے کہ  ------  تم کچھ نہ کرو تب بھی تم کو ہر چیز ملتی رہے گی۔

سسرال کا معاملہ اس سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ سسرال میں لڑکی کو غیر خونی رشتے داروں کے درمیان رہنا پڑتا ہے۔ میکے کا کلچر اگر دیے بغیر پانے کے اصول پر قائم تھا تو سسرال کا کلچر یہ ہوتا ہے کہ دو گے تو پائو گے، اگر نہیں دیا تو تم کو بھی کچھ ملنے والا نہیں۔

لڑکیاں عام طور پر میکے اور سسرال کے اس فرق کو نہیں سمجھتیں۔ چنانچہ وہ ہمیشہ ایک غیرحقیقی احساس میں جیتی رہتی ہیں  -----------  میکے کو اچھا سمجھنا اور سسرال کو اس کے مقابلے میں برا سمجھنا۔ یہ مزاج خواتین میں عام ہے۔ اس کا نقصان سب سے زیادہ خود خواتین کو بھگتنا پڑتا ہے۔ اپنے اس غیرحقیقی مزاج کی بنا پر وہ اپنے شوہر اور اپنے سسرال والوں سے گہرا تعلق قائم نہیں کر پاتیں۔

خالق نے ہر عورت اور مرد کو مخصوص صلاحیتوں کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ اس دنیا میں ہر عورت اور مرد کے لیے کوئی بڑا رول مقدر ہے۔ اس رول کے لیے ضروری ہے کہ عورت اپنے نئے رشتےداروں کے ساتھ بھرپور تعلق قائم کرکے رہے۔ مگر اکثر عورتیں اپنے سسرال والوں کے ساتھ یہ تعلق قائم نہیں کر پاتیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ رول ادا نہیں کر پاتیں جو ان کے خالق نے ان کے لیے مقدر کیا تھا۔

اس دنیا میں کسی بڑے رول کے لیے اجتماعی کوشش ضروری ہے۔ گھر اسی قسم کااجتماعی ادارہ ہے۔ ہر گھر اپنی اجتماعی کوشش سے ایک بڑاکام کر سکتا ہے، لیکن یہ بڑا کام اسی گھر کے لوگ انجام دیں گے جو اپنے گھر کو حقیقی معنوں میں ایک اجتماعی ادارہ بنا دیں۔حقیقت یہ ہے کہ کسی عورت کے لیے اس کی سسرال بھی اسی طرح اس کا اپنا گھر ہے جس طرح اس کا میکہ اس کے لیے اس کا اپنا گھر تھا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom