جذباتیت بمقابلہ انانیت

ایک عورت اور ایک مرد جب نکاح کے رشتے میں بندھ کر ایک ساتھ اکٹھا ہوتے ہیں تو یہ دونوں متضاد شخصیت کا اجتماع ہوتا ہے۔ عورت اپنی پیدائش کے اعتبار سے جذباتی(emotional) ہوتی ہے، اور مرد اپنی پیدائش کے اعتبار سے انانیت پسند(egoist) ہوتا ہے۔ یہ دونوں باتیں فطری ہیں۔ وہ لازمی طور پر ہر عورت اور مرد کی شخصیت کا حصہ ہوتی ہیں۔ اس معاملے میں کسی کا بھی کوئی استثنا نہیں۔

لیکن ان دونوں صفتوں کا ایک مثبت پہلو ہے اور دوسرا ان کا منفی پہلو۔ اگر ان صفات کو مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تو وہ انسانیت کے لیے خیر ثابت ہوں گے، اور اگر ان کو منفی انداز میں استعمال کیا جائے تو وہ انسانیت کے لیے شر بن جائیں گے۔

انانیت(ego) کا مثبت پہلو یہ ہے کہ اس کی وجہ سے انسان کے اندر کسی مقصد کے لیے جمنے کا مزاج پیدا ہوتا ہے۔ اگر آدمی کے اندر یہ صفت نہ ہو تو وہ موم کی مانند ہو جائے گا اور عزم و جزم کے ساتھ وہ کوئی کام نہ کر سکے گا۔ انانیت کا منفی پہلو یہ ہے کہ آدمی کے اندر گھمنڈ کا مزاج پیدا ہو جائے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ اپنی انانیت کو اس منفی حد تک نہ جانے دے، ورنہ وہ تعمیر پسند انسان کے بجائے ایک تخریب پسند انسان بن جائے گا۔

اسی طرح عورت پیدائشی طور پر جذباتی(emotional) ہوتی ہے۔ اس صفت کے بھی مثبت اور منفی پہلو ہیں۔ اس صفت کا مثبت پہلو یہ ہے کہ اس کی وجہ سے عورت کے اندر نرمی اور شفقت کا مزاج زیادہ ہوتا ہے۔ جو بلاشبہ ایک خوبی کی بات ہے۔ اس صفت کا منفی پہلو یہ ہے کہ عورت کے اندر ضد کا مزاج پیدا ہو جائے۔ وہ معاملات میں ضدی پن دکھانے لگے۔ یہ دوسرا پہلو اس صفت کا منفی پہلو ہے۔ اگر عورت کے اندر یہ منفی مزاج پیدا ہو جائے تو اس کی فطری صفت اپنا مثبت فائدہ کھو دے گی۔

عورت اور مرد دونوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اس فطری مزاج کو سمجھیں۔ وہ شعوری طور پر اس کا اہتمام کریں کہ ان کا یہ مزاج مثبت دائرے میں رہے،وہ منفی رخ اختیار نہ کرے۔ اسی طریقے میں عورت اور مرد دونوں کے لیے کامیابی کا راز چھپا ہوا ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom