وقت کا استعمال
میں نے وقت کو برباد کیا تھا، اب وقت مجھے برباد کر رہا ہے— اگر آپ نے اپنے پچھلے دنوں میں وقت کو استعمال نہیں کیا ہے تو آپ اپنے اگلے دنوں میں اپنے وقت کو استعمال کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ اس طرح آپ کی بربادی بڑھتی ہی چلی جائے گی۔
وقت کسی آدمی کا سب سے زیادہ قیمتی سرمایہ ہے۔ وقت اس لیے ہے کہ آدمی اس کو استعمال کر کے اپنے کو کامیابی کا اہل بنائے۔ جو آدمی وقت کو ضائع کرے اس نے صرف وقت کو ضائع نہیں کیا بلکہ خود اپنے آپ کو بھی ضائع کر دیا ۔ کیوں کہ اس قسم کی غفلت کا نقصان اس کی اپنی ذات کے سوا کسی اور کو پہنچنے والا نہیں۔
جو وقت آپ کو ملا ہے اس کو یا تو اپنی تیاری میں استعمال کیجیے یا اپنے مقصد کے حصول کے لیے جد و جہد میں۔ یہی وقت کا صحیح استعمال ہے۔ اگر ایسا ہے کہ آپ نہ تیاری میں لگے ہوئے ہیں اور نہ حصولِ مقصد کی جد وجہد میں، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے وقت کو ضائع کر رہے ہیں۔ملے ہوئے وقت کو ضائع کرنا بلاشبہ سب سے بڑا نقصان ہے ۔ یہ ایسا نقصان ہے جس کی کوئی تلافی ممکن نہیں۔ آپ کھوئی ہوئی دولت کو دوبارہ کما سکتے ہیں۔ مگر آپ کھوئے ہوئے وقت کو دوبارہ لوٹا کر اپنی طرف واپس نہیں لا سکتے۔
وقت دولت ہے، بلکہ وقت ہی دولت ہے۔ وقت کے ذریعہ آپ دوسری چیزوں کو حاصل کر سکتے ہیں۔ مگر آپ دوسری چیزوں کے ذریعہ وقت کو خرید نہیں سکتے۔ اس لیے آپ کو چاہیے کہ وقت کے معاملے میں سب سے زیادہ چوکنّار ہیں۔
وقت بھاگ رہا ہے، وقت کو پکڑیے، کیوں کہ وقت آپ کو نہیں پکڑے گا۔ آپ کو خود وقت کو پکڑ نا ہوگا۔
جو آدمی وقت کو کھو دے، اس کے حصے میں آخر کار صرف یہ آئے گا کہ وہ وقت کو گزر تا ہو ا دیکھے مگر وہ اس کو استعمال نہ کر سکے۔
