دو طریقے

اس دنیا میں کامیابی کا واحد راز یہ ہے کہ ممکن سے اپنے عمل کا آغاز کیا جائے، اور ناکامی کا واحد سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ اپنی قوت اور طاقت کو ناممکن کے حصول میں لگا دیا جائے۔ انسانوں کی کامیابی اور ناکامی کی پوری تاریخ انھیں دو اصولوں کی تفصیل و تشریح ہے ۔

 اس کو دوسرے لفظوں میں اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ متشددانہ طریق کار آدمی کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے اور پر امن طریق کار کامیابی کی طرف ۔متشددانہ طریق کار ہمیشہ بےصبری کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں پر امن طریق کار وہ لوگ اختیار کرتے ہیں جو نزاعی معاملات میں صبر و تحمل کا ثبوت دے سکیں۔ امن کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے، اور صبر آدمی کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ امن کی طاقت کو کامیاب طور پر استعمال کر سکے۔

  بیشتر لوگوں کا حال یہ ہوتا ہے کہ وہ کیا ہونا چاہیے، اور کیا ہوسکتا ہے کے درمیان فرق نہیں کر پاتے۔ وہ اپنی شعوری نا پختگی کی وجہ سے اپنی خواہشوں کے پیچھے دوڑ پڑتے ہیں، اور سمجھتے ہیں کہ وہ منزل کی طرف اپنا سفرطے کررہے ہیں ۔ یہاں تک کہ آخر میں انھیں معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے صرف وقت ضائع کیا۔ اپنے وقت اور اپنی طاقت کو آخری حد تک استعمال کرنے کے باوجود وہ کچھ بھی حاصل نہ کر سکے۔

انسان پیدائشی طور پر معیار پسند ہوتا ہے ۔ ہر آدمی کے ذہن میں ایک معیاری دنیا کا تصوربسا ہوا ہے مگر دوسری ناگزیر حقیقت یہ ہے کہ اس دار الامتحان میں کسی شخص کے لیے     یہ ممکن نہیں کہ وہ اپنی معیاری دنیا کو حاصل کرسکے۔ عملی طور پر ہر چیز ممکن ہے وہ صرف یہ ہے کہ آدمی اپنے پسندیدہ معیار سے کم کو لینے پر راضی ہو جائے ۔ وہ ’’کیا ہونا چاہیے‘‘ کو چھوڑ کر  ’’کیا ہوسکتا ہے‘‘ کو اپنا عملی نشانہ بنائے۔

جب آپ وہ چیز حاصل کرنا چا ہیں جو ممکن نہیں ہے تو آپ کے اندر جھنجھلاہٹ اور تشدد پیدا ہو گا لیکن جب آپ ممکن کو حاصل کرنے کے لیے اٹھیں تو آپ کے اندر یقین ہو گا۔ آپ کی جد وجہد پر امن دائرے میں جاری ہوگی۔ پہلی صورت میں آپ کی پوری سوچ منفی سوچ بن جائے گی، اور دوسری صورت میں آپ کی سوچ مثبت سوچ بنے گی۔ اعلٰی انسانی صفات آپ کے اندر پرورش پائیں گی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion