دو خبریں

آپ 16 جون 1993 کا ہندستان ٹائمس یا ٹائمس آف انڈیاد یکھیں تو آپ کو دوبالکل مختلف قسم کی خبریں پڑھنے کو ملیں گی ۔ ایک طرف دونوں میں یہ خبر ہے کہ دہلی کا ایک تاجر کرشن کمار (45سال) پنجاب نیشنل بنک (کیشو پورم) سے چارلاکھ پینتالیس ہزار روپیہ لے کر واپس آرہا تھا کہ راستہ میں 12 بجے دن کو چار نوجوان سفید ماروتی کار پر آئے ۔ انھوں نے تاجر کے اسکوٹر کو روکا۔ ریوالور سے گولیاں چلا کر اسے گرا دیا اور اس کا بریف کیس لے کر فرار ہو گئے۔

دوسری طرف دونوں ہی اخباروں میں ایک اور خبر ہے ۔ دہلی کا ایک ہیڈ کانسٹیبل پریم پال( قرول باغ) رات کو گشت کر رہا تھا۔ اس کو سوریہ کرن ہوٹل کے پاس ایک بریف کیس پڑا ہوا ملا۔ اس نے کھولا تو اس کے اندر دوسرے کاغذات کے علاوہ 97 ہزار 4سو روپیہ نقد رکھا ہوا تھا۔ اس نے فوراً بریف کیس کو بند کیا اور اس کو لا کر اسی طرح تھانہ میں جمع کر دیا۔ تھانہ کے ذمہ داراب بریف کیس کے اصل مالک کو تلاش کر رہے ہیں ۔

یہ ایک علامتی خبر ہے جو بتاتی ہے کہ سماج میں ہمیشہ دونوں قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔ اچھے بھی اور برے بھی۔ اس لیے کسی سماج کے بارےمیں رائے قائم کرتے ہوئے آدمی کو بہت زیادہ محتاط ہونا چاہیے ۔ اس کو نہ ایک طرف پوری طرح جھک جانا چاہیے اور نہ دوسری طرف ۔

 مذکورہ خبروں میں اگر کوئی شخص ایسا کرے کہ وہ صرف کرشن کمار کے واقعے کو لے لے اور اس کو عام بنا کر یہ کہے کہ ہندستان کے لوگ تو سب کے سب قاتل اور لٹیرے ہیں۔ تو اس کی یہ رائے درست نہ ہوگی۔ اسی طرح کوئی شخص پریم لال کے واقعے کو لے اور اس کو عمومی صورت دے کر یہ کہنے لگے کہ ہندستان کے تمام آدمی انتہائی دیانتدار ہیں تویہ بات بھی واقعے کے مطابق نہ ہوگی ۔

 اصل حقیقت یہ ہے کہ ہر سماج میں دونوں ہی طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں۔ ہمیں اس دنیا میں اس طرح رہنا ہے جیسے کہ ہم ایک ایسے راستہ میں چل رہے ہوں جس میں کانٹے بھی ہوں اور اسی کے ساتھ پھول بھی۔ ایسے راستہ کے مسافر کے لیے کامیاب سفر کی تدبیر صرف ایک ہے ۔ وہ کانٹوں سے اپنا دامن بچائے ، اور پھولوں سے محظوظ ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف بڑھتا رہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion