آغاز و انجام

اگر آپ نے اپنے آغاز کو پایا تو آپ اپنے اختتام کو بھی پاسکتے ہیں۔ کیونکہ صحیح آغاز ہی کا دوسرانام صحیح اختتام ہے— آدمی اگر صحیح رخ پر چل پڑے تو وہ منزل پر پہنچ کر رہتا ہے۔ منزل پر نہ پہنچنا ہمیشہ اس وقت ہوتا ہے جب کہ آدمی نے اپنے سفرکا آغاز الٹی سمت میں کر دیا ہو۔

کائنات کا پور انظام اس طرح بنایا گیا ہے کہ یہاں جب بھی کوئی شخص ایک درست عمل کاآغاز کرے تو پوری کائنات اس کو تکمیل تک پہنچانے میں لگ جائے ۔ باغبان ایک بیج زمین میں ڈالتا ہے تو دنیا کا پورانظام اس کو پروان چڑھانے میں لگ جاتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ اپنےکمال کے درجہ کو پہنچ کر پورا درخت بن کر کھڑا ہو جائے۔

 اسی طرح اس دنیا میں جب کوئی آدمی ایک صحیح عمل کا آغاز کرتا ہے تو دنیا کا پورا نظام اس کی مدد پر آجاتا ہے۔ ہر چیز اس کا ساتھ دینے لگتی ہے تاکہ وہ اپنے عمل کو اس کی تکمیل کے مرحلہ تک پہنچا سکے۔

اگر کوئی شخص دیکھے کہ اس کا شروع کیا ہو اعمل ترقی نہیں کر رہا ہے تو اس کو خود اپنی کارکر دگی اور اپنے منصوبہ پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔ یقینی طور پر اس کی اپنی طرف کوئی کوتاہی ہوگی۔ جس نے اس کے شروع کیے ہوئے عمل کو مطلوبہ انجام تک پہنچنے نہیں دیا۔

آدمی کو چاہیے کہ وہ اقدام کرنے سے پہلے خوب اچھی طرح سوچ لے۔ وہ حقیقت پسندانہ جائزہ کے بعد اپنا منصوبہ بنائے۔ اور جب اپنے منصوبہ پر عمل درآمد شروع کرے تو اپنے آپ کو اس میں لگانے میں کوئی کمی نہ کرے۔ آدمی نے اگر ان شرطوں کو پورا کر دیا تو اس کے بعد مستقبل میں جو چیز بر آمد ہوگی وہ وہی ہوگی جس کی طلب وہ اپنے سینہ کے اندر لیے ہوئے ہے۔

ڈور کے ابتدائی سرے کو پانا ہی ڈور کے آخر ی سرے کو پا لینا ہے۔ ڈور کے ابتدائی سرے کو مضبوطی سے تھام لیجیے۔ اس کے بعد ڈور کا آخری سرا بھی آپ کے ہاتھ میں آکر رہے گا۔وہ آپ سے جدا ہونے والا نہیں ۔

صحیح اختتام کے سواصحیح آغاز کی اور کوئی منزل نہیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion