ایک کہاوت

جاپان کی ایک کہاوت ہے جس کا ترجمہ انگریزی زبان میں اس طرح کیا گیا ہے— ایک خرگوش کا پیچھاکرو، اور تم اس کو پکڑ لو گے۔

Chase one rabbit, and you will get it

 اگر آپ بیک وقت دو خرگوش کو پکڑنا چاہیں تو کیا ہوگا۔ ایک خرگوش پو رب کی طرف بھاگ رہا ہوگا اور دوسرا خر گوش پچھم کی طرف۔ آپ کبھی ایک کو پکڑنے کے لیے پورب کی طرف دوڑیں گے اور کبھی دوسرے کو پکڑنے کے لیے پچھم کی طرف۔ نتیجہ یہ ہوگا کہ دونوں بھاگ کر دور چلے جائیں گے اور آپ دونوں میں سے ایک کو بھی نہ پکڑ سکیں گے۔ اس کے برعکس، جب آپ صرف ایک کی طرف دوڑیں تو آپ کی دوڑنے کی پوری طاقت صرف ایک کی طرف استعمال ہوگی ، اور پھر آپ اس کو پکڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

یہ معاملہ صرف ’’خرگوش‘‘ کا نہیں بلکہ یہی معاملہ تمام چیزوں کا ہے ۔ زندگی میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آدمی کو بظاہر کئی چیزیں دکھائی دیتی ہیں۔ وہ ہر ایک کو چاہنے لگتا ہے ۔ مگر کئی کو پانے کی کوشش میں وہ ایک کو بھی کھو دیتا ہے ۔ حالاں کہ اگر وہ اپنی ساری توجہ صرف ایک پر لگاتا تو یقینا ًوہ اس کو حاصل کر لیتا ۔

اس کی ایک مثال کشمیر کا مسئلہ ہے ۔ انڈیا اور پاکستان کی تقسیم آبادی کی بنیاد پر ہوئی۔ اس اعتبار سے کشمیر کو پاکستان کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔ کیوں کہ کشمیر میں مسلمانوں کی تعداد زیادہ تھی۔ اس کے باوجود کیا وجہ ہے کہ کشمیر پاکستان کو نہ مل سکا۔ اس کی واحد ذمہ داری پاکستان کے لیڈروں پر جاتی ہے۔  1947 میں جب بر صغیر ہند کی تقسیم ہوئی تو پاکستان لیڈروں نے چاہا کہ وہ حیدر آبا د پر بھی قبضہ کریں اور کشمیر پر بھی۔ حیدر آباد پر اس لیے کہ وہاں کا صدر ریاست مسلمان ہے، کشمیر پر اس لیے کہ وہاں کی زیادہ آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے۔

وہ حیدرآباد کے معاملے میں صدر ریاست کی منطق کو استعمال کرنا چاہتے تھے۔ اور کشمیر کے معاملے میں آبادی کی منطق کو۔ یہ گویا دو خرگوشوں کے پیچھے دوڑنا تھا، اور جولوگ بیک وقت دو خرگوشوں کے پیچھے دوڑیں ، ان کے لیے یہی مقدر ہے کہ وہ ایک کو بھی نہ پکڑ سکیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion